ایپل نے کرپٹو-مائننگ ایپس پر پابندی لگا دی

3,035

ایپل آپ کے آئی فون اور میک کی بیٹری کو کرپٹو-کرنسی مائننگ مالویئرز سے بچانا چاہتا ہے۔ ادارے نے اپنی ڈیولپرز گائیڈلائنز میں نئے قواعد شامل کیے ہیں جو آئی او ایس اور میک ایپس کو پس منظر میں کرپٹو کرنسی مائننگ کرنے سے سخت سے روکتے ہیں۔

ادارے کے مطابق ہدف صارفین کی بیٹری لائف کو بچانا اور ڈیوائس پر غیر ضروری دباؤ ختم کرنا ہے۔

اس سے قبل ایپل کے قواعد کہتے تھے کہ ہارڈویئر یا آپریٹنگ سسٹم کی فراہم کردہ صلاحیتوں کو پیسہ بنانے کے لیے استعمال کرنا ایپس کے لیے ناقابل قبول ہوگا، لیکن اس میں کرپٹو کرنسی مائننگ کا باقاعدہ نام نہیں تھا۔ اب اسے شامل کیا گیا ہے۔

کرپٹو مائننگ ویسے ایپ اسٹور میں بہت بڑا مسئلہ نہیں ہےلیکن ایک کیلنڈر ایپ پکڑی گئی کہ جو پس منظر میں کرپٹو کرنسی مونیرو کی مائننگ کرتی تھی۔

ایپل واحد پلیٹ فارم نہیں ہے جو اس طرح کی ہائی جیکنگ سے نمٹ رہا ہے کہ جس میں ڈیوائسز کو استعمال کرکے بٹ کوائن یا دیگر کرپٹو کرنسیاں مائن کی جاتی ہیں۔ ایک مشہور کروم ایکسٹینشن گزشتہ سال یہی کام کرتے پائی گئی تھی اور سالوں سے کوائن مائننگ مالویئر اینڈرائیڈ ایپس میں موجود ہیں۔