ایپل نے طلبہ کے لیے آئی پیڈ کا اجراء کردیا

629

2018ء میں اپنی ایپل کا پہلا ایونٹ آج صبح شکاگو، الینوائے میں ہوا، جو حیران کن طور پر لین ٹیک کالج پریپ ہائی اسکول میں منعقد کیا گیا۔ اس خاص مقام کی وجہ یہ تھی کہ اس تقریب کا ہدف تھا شعبہ تعلیم ۔

یہ 2012ء کے بعد تعلیم کے حوالے سے ایپل کا پہلا ایونٹ تھا ، جس میں سب کی توجہ تھی ایپل کے نئے سستے آئی پیڈ کی طرف جس میں پینسل سپورٹ بھی شامل ہے اور اس کا ہدف ہے طلبہ۔ اسکولوں کے لیے 299 ڈالرز کا – اور باقی افراد کے لیے 329 – ڈالرز کے اس آئی پیڈ کی خاص بات ہی یہی ہے کہ یہ ایپل پینسل کے ساتھ کام کرتا ہے، جو اس سے پہلے صرف آئی پیڈ پرو پر کام کرتی تھی۔ اس میں ٹچ آئی ڈی ہے، ایچ ڈی فیس ٹائم کیمرا ہے، پشت پر 8 میگاپکسل کا کیمرا بھی ہے اور ایپل اے10 فیوژن چپ بھی۔ اس میں 10 گھنٹے کی بیٹری نصب ہے جبکہ اس کا ایل ٹی ای ورژن بھی دستیاب ہے۔

تقریب کے دوران ایپل نے تعلیم کے حوالے سے اساتذہ اور طلبہ کے لیے چند دیگر منصوبوں کا بھی اعلان کیاجیسا کہ آئی ورک کا نیا ورژن۔ اسکول ورک جیسی نئی ایپ جو اساتذہ کے لیے ہے تاکہ وہ اپنی کلاس کو ڈیجیٹل انداز میں سنبھال سکیں۔

تقریب کے بعد ایپل کی ویب سائٹ پر چند اچانک اعلانات بھی کیے گئے، جیسا کہ نئے آئی فون اور آئی پیڈ کیسز، نئے ایپل واچ بینڈز اور اسپیس گرے رنگ کا میجک کی بورڈ، ٹریک پیڈ اور ماؤس، جو اس سے پہلے صرف آئی میک پرو کے لیے مخصوص تھا۔