ایپل نے آئی فون ٹین ایس، ٹین آر اور ٹین ایس میکس کا اعلان کر دیا

20,651

ایپل نے اپنے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں تازہ ترین فلیگ شپ آئی فون ٹین ایس (iPhone XS) اور ٹین ایس میکس (XS Max) متعارف کرا دئیے ہیں۔ ان دونوں اسمارٹ فونز کی تفصیلات میں نیا بتانے کے لیے اس لیے کچھ زیادہ نہیں ہے کہ ان دونوں اسمارٹ فونز کے متعلق تفصیلات گزشتہ دو ماہ سے تواتر سے لیک ہورہی تھیں۔

ایپل آئی فون ٹین میکس

آئی فون ٹین ایس میکس کی سب سے قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ تاریخ کا سب بڑا اور مہنگا آئی فون ہے۔ بیزل یعنی کناروں سے تقریباً عاری یہ اسمارٹ فون 6.5 انچ کی ایمولیڈ اسکرین اور 19.5:9 کے aspect ratio کے ساتھ اسکرین پر ایک بڑی نوچ بھی رکھتا ہے۔ اس نوچ میں کئی سینسر جیسے انفرا ریڈ کیمرا، اسپیکر، مائیکروفون، ڈاٹ پروجیکٹر اور فرنٹ کیمرا وغیرہ نصب ہیں۔ فون بظاہر دیکھنے میں آئی فون 8 سے زیادہ مختلف نظر نہیں آتا۔ البتہ اس کی اونچائی آئی فون 8 سے قدرے زیادہ ہے۔ نئے ”سپر ریٹینا “ ڈسپلے میں پکسل کی کثافت آئی فون ٹین کی طرح 458 پکسل پر انچ لیکن ریزولوشن 2688×1242 تک بڑھا دی گئی ہے۔

فون کے ڈوئل 12 میگا پکسل کیمرے میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مرکزی کیمرے میں پکسل کا سائز 1.22 مائیکرو میٹر سے بڑھا کر 1.4 مائیکرو میٹر کیا گیا ہے لیکن اپرچر وہی f/1.8 ہی ہے۔

اس فون میں A12 بائیونک چپ استعمال کی گئی ہے جو گزشتہ آئی فون میں استعمال کئے پروسیسر کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتار اور کفایت شعار ہے۔یہ جدید ترین 7 نینو میٹر فیبری کیشن پروسس پر تیار کیا پروسیسر ہے ۔ اس کا ڈیزائن 6کورز (2 بڑی + 4 چھوٹی) پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ اس میں 4 کور جی پی یو، نیا 8 کور نیورل انجن اور 6.9 ارب ٹرانسسٹرز ہیں۔اس میں بڑی کورز A11 کے مقابلے میں 15 فیصد تیز رفتار اور 40 فیصد کم پاور استعمال کرتی ہے۔ چھوٹی کور بھی تقریباً 50 فیصد کم پاور استعمال کرتی ہں۔ جی پی یو کی کارکردگی 50 فیصد بہتر ہے۔ نیورل انجن میں کورز کی تعداد پچھلی نسل کے مقابلے میں دوگنی ہے لیکن یہ اب 600 ارب کی بجائے 5 ٹریلین آپریشن سرانجام دے سکتا ہے۔

ایپل کا دعویٰ ہے کہ آئی فون ٹین ایس میکس اب تک کا سب سے پائیدار فون ہے۔ یہ فون آئی پی 68 سرٹیفائیڈ ہے یعنی یہ فون 2 میٹر گہرے پانی میں آدھا گھنٹے بحفاظت گزار سکتا ہے۔اس فون کے بنیادی ماڈل میں 64 جی بی اسٹوریج ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ گنجائش والا ماڈل 512 جی بی سٹوریج کے ساتھ ہے۔

ایپل آئی فون ٹین ایس

ایپل آئی فون ٹین ایس بنیادی طور پر پچھلے سال کا ہی ماڈل ہے، جس میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں۔ ظاہری طور پر اس میں کم تبدیلی کی گئی ہے۔اس فون میں بھی A12 Bionic چپ ہے۔ یہ فون 64 جی بی ، 256 جی بی اور 512 جی بی اسٹوریج آپشن میں متعارف کرایا گیا ہے۔اس فون کی 5.8 انچ اسکرین کی ریزولوشن پچھلے سال والے ماڈل جتنی یعنی 1125×2436پکسل ہے۔ اس کی پکسل کی کثافت میکس ماڈل جتنی ہے۔ بہتر آواز کے لیے ایپل نے اس میں سٹریو سپیکرز کو بھی بہتر کیا ہے۔

آئی فون ٹین آر

یہ آئی فون کا سب سے سستا اور خوبصورت رنگوں والا ماڈل ہے جسے اس سال پیش کیا گیا ہے۔ اس کی ابتدائی قیمت749 ڈالر ہوگی۔ اس کم قیمت (جو کم ہونے کے باوجود کئی فلیگ شپ اسمارٹ فون سے زیادہ ہے) کی وجہ اس میں ایل سی ڈی کا استعمال ہونا ، تھری ڈی ٹچ کا نہ ہونا اور صرف ایک کیمرے کا استعمال ہونا ہے۔

ایپل نے اپنے آئی فونز میں ڈوئل سم فنکشن بھی متعارف کرایا ہے۔ مغربی ممالک میں ڈؤئل سم کے لیے سنگل سم کے ساتھ ایمبیڈڈ سم یا ای سم کا آپشن ہے جبکہ چینی مارکیٹ کے لیے جو فون متعارف کرایا جائے گا اس میں دو سم سلاٹس ہونگی۔

آئی فون ٹین ایس کے 64 جی بی ماڈل کی قیمت 1000 ڈالر یا 1149 یورو یا 999 پاؤنڈ ہے۔ آئی فون ٹین ایس میکس کے 64 جی بی ماڈل کی قیمت 1100 ڈالر ہے جبکہ 512 گیگا بائٹس ورژن کی قیمت 1349 ڈالر یا ایک لاکھ پینسٹھ ہزار پاکستانی روپے ہے۔ 14 ستمبر سے ان کے پری آرڈر شروع ہونگے۔ جبکہ فون کی فراہمی کچھ ممالک میں 21 ستمبر اور کچھ میں 28 ستمبر کو ہونگی۔ بہت سے ممالک میں اسے بعد میں پیش کیا جائے گا۔