ایپل تاریخ کا سب سے بڑا آئی فون تیار کر رہا ہے

1,277

اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے درمیان سب سے بڑا فرق ڈسپلے اسکرین کی جسامت کا ہے۔ یہ فرق دن بدن کم ہو رہا ہے۔ لیکن لگتا ہے کہ ایپل نے یہ فرق بالکل ہی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔کیونکہ خبر ہے کہ ایپل تاریخ کا سب سے بڑا آئی فون متعارف کروانے جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی جانب سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل آئی فون ایکس پلس کے نام سے نیا ماڈل تیار کر رہا ہے جس کی ڈسپلے اسکرین 6.5 انچ کی ہو گی جو کہ ایپل کے سابقہ ماڈل سے 12 فی صد بڑی ہو گی اور آئی پیڈ منی سے صرف 1.4 انچ چھوٹی ہو گی۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ یہ سام سنگ کے گلیکسی نوٹ 8 سے بھی بڑی اسکرین ہو گی۔

میک ریومر نامی بلاگ پر کچھ تصاویر شئیر کی گئی ہیں جن کے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ آئی فون ایکس پلس کی ہیں۔ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فون کے کونے سے کونے (ایج۔ٹو۔یج) کا فاصلہ مکمل طور پر اسکرین سائز کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ یہ اب تک کا آئی فون کا سب سے بڑا سائز ہو گا۔

قارئین کی دلچسپی کے لیے بتاتے چلیں کہ ایپل نسبتاً چھوٹے آئی فون پر بھی کام کر رہا ہے جو 64 جی بی میموری، سٹیل کی بجائے ایلومینیم کناروں اور ایل سی ڈی اسکرین کے ساتھ دستیاب ہو گا۔ دونوں فونز کی قیمت بارے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔