مصنوعی ذہانت آپ کے جوابات دے گی، گوگل کی نئی ایپ

1,416

اسمارٹ رپلائی گوگل کی مشہور زمانہ ای میل سروس ‘جی میل‘ کا ایسا فیچر ہے جو آپ کو کسی بھی پیغام کا فوری، سادہ اور آسان جواب دینے کی سہولت دیتا ہے، لیکن اب خبر یہ ہے یہ کہ سہولت مزید ایپس میں بھی آ رہی ہے۔ جو ‘رپلائی’ (Reply) نامی ایک ایپ کی صورت میں آئے گی، جس کا گوگل جلد تجربہ کرنے والا ہے۔

یہ ایپ صارفین کو ہینگ آؤٹ، واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر جیسی ایپس میں فوری اور صرف ایک ٹیپ کے ذریعے جواب دینے کی سہولت دے گی۔

اس کے علاوہ چند فیچرز کی منصوبہ بندی بھی ہے جیسا کہ Do Not Disturb موڈ جو اسی وقت خودکار طور پر کام شروع کردے گا جب آپ ڈرائیونگ شروع کریں گے۔ آپ کا فون خاموش ہو جائے گا اور جو بھی پیغام آئے گا اسے بتا دے گا کہ آپ جواب نہیں دے سکتے؛ البتہ "ہم آپ کا انتظار کر رہے ہیں!” جیسے اہم پیغامات پر الرٹ جاری کرے گا چاہے فون سائلنٹ ہی کیوں نہ ہو؛ اس کے علاوہ آپ کے کلینڈر کو دیکھ کر آپ کے تعطیلات منانے کا پیغام بھی خودکار طور پر جائے گا۔

امکان ہے کہ ابتداء میں یہ ایپ صرف اینڈرائیڈ کے لیے دستیاب ہوگی البتہ گوگل کا کہنا ہے کہ ابھی یہ بالکل ابتدائی مرحلے میں ہے اس لیے ہمیں کافی انتظار کرنا ہوگا۔

گوگل جی میل کے علاوہ ایلو اور اینڈرائیڈ میسیجز میں یہ سہولت متعارف کروا چکا ہے۔

اگر آپ رپلائی تک قبل از وقت رسائی چاہتے ہیں تو یہاں سائن اپ کیجیے۔ نتائج کے بارے میں ہمیں ضرور آگاہ کیجیے گا۔