ایسوس کا کم قیمت کروم بک C223 متعارف

2,193

گو کہ ایسوس کو ونڈوز سے چلنے والے کمپیوٹرز اور اسمارٹ فونز بنانے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ لیکن کمپنی وقتاً فوقتاً کروم بکس بھی متعارف کرواتی رہتی ہے۔ اسی ضمن میں خبر ہے کہ ایسوس کروم آپریٹنگ نظام پر مشتمل کروم بک C223 متعارف کروا رہا ہے جو کہ نا صرف الٹرا سلم ہو گا بلکہ کم قیمت میں دستیاب ہو گا۔

ناروے کے ریٹیل فروخت کرنے والے ادارے "پاور” کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق ایسوس کے کروم بک C223 میں 1366×768 ریزولیوشن کی 11.6 انچ ڈسپلے اسکرین نصب ہو گی۔ اس میں انٹیل کا دوہری کور والا سیلرون این 3350 "اپالو لیک” پراسیسر نصب ہو گا۔ اس کے علاوہ یہ 4 جی بی عارضی میموری اور 32 جی بی اسٹوریج کا حامل ہو گا۔

تصاویر میں الٹرا سلم نظر آنے والے اس کروم بک کا کل وزن صرف 1.23 کلوگرام ہے۔ اس میں مائکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور یو ایس بی ٹائپ سی نصب ہے۔

ویب سائٹ پر اعلان کردہ قیمت 2719 کرونئے ہے جو کہ تقریبا 336 ڈالرز بنتی ہے۔ ہارڈوئیر خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قیمت کافی زیادہ معلوم ہوتی ہے۔ تاہم ناروے کے علاوہ دیگر ممالک میں ریلیز کے وقت کروم بک C223 کی قیمت میں مزید کمی آنے کے چانس ہیں۔ کمپنی کی جانب سے فی الحال اس کی تاریخِ ریلیز کے بارے میں اعلان نہیں کیا گیا۔