اسوس کا نیا گیمنگ ماؤس پیڈ، وائرلیس چارجر کے ساتھ

916

اسوس کا جدید ترین ماؤس پیڈ ہے ‘آر او جی بالٹیئس‘ (ROG Balteus)، اسے گیمرز کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس میں بہترین اضافہ ہے چی چارجر کا۔

اضافی خصوصیات کے ساتھ ساتھ آر او جی بالٹیئس نے روایتی لینڈسکیپ شکل کے بجائے پورٹریٹ لے آؤٹ کو اپنایا ہے۔ اسوس کہتا ہے کہ یہ کھلاڑیوں کو ماؤس پیڈ پر کم حرکت کے ذریعے زیادہ آرام سے کام کرنےمیں مدد دے گا۔ یہ ساڑھے 14 انچ سے کچھ لمبا اور ساڑھے 12 انچ چوڑا ہے۔

آر او جی بالٹیئس کے درحقیقت دو ورژنز ہیں، ایک اسٹینڈرڈ جو 15 ایل ای ڈی لائٹس رکھتا ہے اور ایک اپگریڈڈ ماڈل جس میں چی وائرلیس چارجر بھی ہے۔ آپ اپنے فون کو ماؤس پیڈ کے بالائی دائیں کنارے پر رکھ دیں، یہ کمپیوٹر سے براہ راست آپ کے فون کو چارج کرنے شروع ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ ان ماؤس پیڈز میں ایک یو ایس بی ٹائپ اے پورٹ بھی ہے یعنی آپ اضافی چارجر یا کوئی ماؤس بھی اس سے منسلک کر سکتے ہیں۔

بلاشبہ آر او جی بالٹیئس وہ پہلا ماؤس پیڈ نہیں ہے جس میں چی چارجر لگا ہوا ہے، اس سہولت کا حامل ٹاکیسو کا گرافٹ ڈیزائن ماؤس پیڈ اور کورسیئر کا ایم ایم 1000 چی وائرلیس چارجنگ ماؤس پیڈ خاصا معروف ہے۔ لیکن ایل ای ڈی لائٹنگ اور چی چارجر کو ایک ساتھ پیش کرنے کا کارنامہ اسوس کا ہے۔ ابھی تک اس پیڈ کے اجراء کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی اور نہ ہی قیمت بتائی گئی ہے لیکن اسوس کا کہنا ہے کہ یہ "جلد” دستیاب ہوگا۔ دیکھتے ہیں یہ دوسرے ماؤس پیڈز کا کیسے مقابلہ کرتا ہے؟