زین بک پرو، انٹیل آئی9 پروسیسر اور 4کے ڈسپلے کے ساتھ

1,529

اسوس اپنی نئی زین بک پرو 15 کو پتلا اور ہلکا رکھنے کے باوجود زبردست طاقت دے رہا ہے۔ یہ دنیا کے اولین پورٹیبل کمپیوٹرز میں سے ایک ہے جس میں انٹیل کی نئی آٹھویں جنریشن کا چھ کور کے حامل آئی9 پروسیسر شامل ہے جبکہ اس کی موٹائی بھی صرف 18.9 ملی میٹر اور وزن محض 1.86 کلو گرام ہے۔

نئی زین بک کے سب سے اعلیٰ ورژن (ماڈل UX550GD) میں این ویڈیا جی فورس جی ٹی ایکس 1050 جی پی یو ہوگا، جو 4 جی بی کی جی ڈی ڈی آر5 وڈیو میموری رکھتا ہے۔ یہ گرافکس پروسیسر، آئی9 چپ، 4کے ٹچ اسکرین، 1 ٹیرابائٹس اسٹوریج اور 16 جی بی کی ڈی ڈی 4 میموری، یہ سب مل کر نئی زین بک کو ایک ایسی مشین بنا سکتے ہیں جو گیمرز اور وڈیو ایڈیٹرز کے لیے لاجواب ہوگی۔

اتنی زیادہ طاقتور مشین ہونے کے باوجود زین بک پرو 15 اپنی بیٹری پر ساڑھے 9 گھنٹے چل سکتی ہے، اور محض 49 منٹوں میں 60 فیصد بیٹری ریچارج بھی کر لیتی ہے۔ اس میں طاقتور ڈوئل بینڈ 802.11ac گیگابٹ وائی-فائی، دو تھنڈربولٹ 3 یو ایس بی-سی پورٹس، دو یو ایس بی 3.1 جنریشن 2 کنیکٹرز اور HDMI آؤٹ پٹ بھی ہیں۔

پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں اس کا ساؤنڈ سسٹم بھی کمال کا ہے۔ ہارمن کورڈن نے نئے اسپیکر بنانے میں مدد دی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اس کی آؤٹ پٹ آواز سے 1.4 گنا زیادہ ہے۔

اسوس نے ابھی تک اس لیپ ٹاپ کی قیمت ظاہر نہیں کی، لیکن جدید ترین، پتلا، ہلکا اور خوبصورت لیپ ٹاپ جیب پر ضرور بھاری ہوگا۔