آگمینٹڈ ریالٹی اب میک اپ کی دنیا میں

810

میک اپ کی دنیا کا بڑا نام لوریل (L’Oreal) اپنی وسیع کلیکشن کو اب ٹیکنالوجی کے راستے سے پھیلانا چاہتا ہے۔ اب وہ بیوٹی ٹیک کمپنی موڈی فیس (Modiface) خرید رہا ہے، جو گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دنیا کے بڑے کاسمیٹکس برانڈ کے ساتھ کام کر رہا ہے اور موبائل اور ڈیسک ٹاپ کے لیے آگمینٹڈ ریالٹی (اے آر) ایپس بنا رہا ہے۔

موڈی فیس کی اے آر ٹیکنالوجی کئی قسم کی بیوٹی ایپس میں کام آ رہی ہے، جس میں ایک ایسی ویب سائٹ بھی ہے جہاں آپ ایسٹی لاڈر کی لپ اسٹکس کو ڈجیٹل انداز میں آزما سکتی ہیں جیسا کہ اوپر کی تصویر میں ظاہر ہے۔ اس کے علاوہ یہ بینیفٹ کے برو فائنڈر، سیفورا کی ورچوئل آرٹسٹ ایپ، یہاں تک کہ بکسبی وژن کے میک اپ ٹول برائے ایس9 اور ایس9+ میں بھی پس پردہ کام کررہی ہے۔ موڈی فیس اے آر آئینے بھی بناتا ہے جو ریئل ٹائم آپ کے چہرے پر میک اپ دکھا سکتے ہیں۔

یہ ادارہ پہلے بھی لوریل کے ساتھ ایک ایسی ایپ کے سلسلے میں کام کر چکا ہے جو صارفین کو اپنی سیلفی پر مختلف ہیئر اسٹائل اور رنگ آزمانے کی سہولت دیتی ہے۔ اب اس کے 70 ڈیولپرز اور انجینیئرز باضابطہ طور پر پیرس میں قائم کاسمیٹکس کی دنیا کے بڑے ادارے لوریل میں شامل ہو رہے ہیں۔ موڈی فیس دیگر اداروں کے ساتھ اپنے موجود منصوبے مکمل کرے گا لیکن اس کی توجہ لوریل کے 30 سے زیادہ برانڈز کے لیے ڈجیٹل تجربات کرنے پر ہوگی۔

یہ بہت اہم قدم ہوگا کیونکہ 40 ڈالرز یا اس سے بھی زیادہ مہنگی لپ اسٹک خریدنے سے پہلے صارف کے لیے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ اسے وہ لپ اسٹک کیسی لگے گی؟ بس یہیں پر آگمینٹڈ ریالٹی کام آئے گی۔