خود بخود چلنے والے وڈیو اشتہارات کی آواز بند ہو جائے گی

913

کیا آپ سمجھتے ہیں کہ کسی بھی ویب سائٹ پر سب سے بڑا عذاب تبصرے ہوتے ہیں؟ تو شاید آپ کسی ایسی ویب سائٹ پر نہیں گئے کہ جس پر وڈیو اشتہارات ہوتے ہیں اور وہ پوری آواز کے ساتھ خود بخود چل پڑتے ہیں۔ گوگل کا شکریہ کہ جس نے اپنے ورژن میں اس مسئلے کا حل نکال لیا ہے یعنی کسی بھی ویب سائٹ پر موجود اشتہاری وڈیوز کی آواز نہیں آئے گی۔

گوگل کروم کے اگلے ورژن 66 کے ڈیولپر اپڈیٹس نوٹس کے مطابق وڈیو کے آٹو پلے کی صرف اسی وقت اجازت ہوگی جب آواز نہ آئے، یہ اسی صورت میں آئے گی جب صارف اس کی اجازت دے۔ لیکن واضح رہے کہ گوگل کو ادائیگی کرنے والے اشتہاری نیٹ ورک کی وڈیوز ضرور چلتی رہیں گی کیونکہ گھوڑا گھاس سے دوستی کرلے تو کھائے کیا؟

ویسے تو کروم کا mute tab کا آپشن موجود ہے جو کئی سالوں سے براؤزر میں ہے لیکن اگر آپ کسی ویب سائٹ پر جاتے رہتے ہیں تو آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی لیے کروم نے یہ سہولت دی ہے کہ کسی مخصوص ویب سائٹ سے کبھی آواز نہ آئے، اس کو manually سیٹ کردیا جائے۔

کروم 66 میں دیگر خصوصیات بھی ہیں جیسا کہ بہتر سکیورٹی اور بہتر ڈیولپر ٹولز کے ساتھ ساتھ ڈیوائس کی صلاحیتوں کے مطابق وڈیو پلے بیک کی سیٹنگز۔ کروم یہ اپڈیٹ اپریل میں فراہم کرے گا یعنی ہمیں زیادہ انتظار نہیں کرنا۔