بڑی فائلیں کیسے بھیجیں، وہ بھی مفت؟

4,121

یہ صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب ہے جس کے نیچے ای میل کی سروسز دبتی چلی جا رہی ہیں، بالخصوص جب معاملہ کوئی فائل بھیجنے کا ہو تو اندازہ ہو جاتا ہے۔ بلاشبہ اٹیچمنٹ کے ذریعے چند تصویریں بھیج سکتے ہیں لیکن جیسے ہی معاملہ آڈیو یا وڈیو فائل بھیجنے کا ہوتا ہے، ہم پھنس جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ جی میل جیسی شاندار ای میل سروس کو استعمال کرتے ہوئے بھی آپ 50 ایم بی سے زیادہ کی فائل اٹیچ نہیں کر سکتے۔

تو اگر ہمیں کوئی بڑی فائل آن لائن بھیجنی ہو تو کیا کریں؟ اس کے لیے دو طریقے عام ہیں، کس کا انتخاب کیا جائے؟ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کو فائل ایک ہی بار بھیجنی ہے یا آپ ایسی بڑی فائلیں بارہا بھیجنا چاہتے ہیں۔

اگر ایک بار بھیجنی ہو تو ایسی چند ویب سائٹس ہیں جو آپ کو ایک بڑی فائل اپلوڈ کرنے کی سہولت دیتی ہیں، اس کا لنک بنتا ہے اور وہ وصول کنندہ کو دے دیا جاتا ہے۔ یہ کسی کو براہ راست کوئی پارسل بھیجنے جیسا ہے بلکہ ایسا ہے جیسے ایک پارسل کسی محفوظ مقام پر رکھ دیا اور جس کو بھیجا ہے وہ اپنی سہولت کے حساب سے جاکر لے لے۔

لیکن اس کے لیے کون سی سروس استعمال کی جائے؟ اگر آپ صرف ایک بار فائل بھیجنا چاہتے اور ساتھ ہی کسی ویب سائٹ پر رجسٹر بھی نہیں ہونا چاہتے تو وی ٹرانسفر (WeTransfer) ایک اچھا آپشن ہے جو آپ کو 2 جی بی تک کی فائلیں اپلوڈ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ 20 افراد کے ای میل ایڈریس ڈالیں اور آپ کا لنک ان تمام کو بھیج دیا جائے گا، جو اپلوڈ کے بعد ایک ہفتے تک کارآمد رہے گا۔

اگر 2 جی بی کافی نہیں ہے تو سینڈ اینی ویئر (Send Anywhere) کو آزمائیں۔ یہاں آپ براؤزر کے ذریعے 4جی بی، آؤٹ لک پلگ ان یا کروم ایکسٹینشن کے ذریعے 10 جی بی اور اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ایپس کے ذریعے 20 جی بی تک کی فائلیں بھیج سکتے ہیں۔ اگر آپ ویب ورژن پر ہی رہیں تو آپ کو رجسٹر کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔

اگر آپ سکیورٹی اور پرائیویسی کو اہمیت دیتے ہیں تو آپ موزیلا کے حل سینڈ (Send) پر غور کریں۔ send.firefox.com پر جائیں اور آپ کو 1 جی بی تک کی فائل اپلوڈ کرنے کی اجازت ہے جو انکرپٹڈ بھی ہوگی۔ فائل 24 گھنٹے کے اندر تلف کردی جائے گی، یا پھر اس کے بعد صرف ایک بار ڈاؤنلوڈ ہو پائے گی۔ موزیلا اپلوڈ یا ڈاؤنلوڈ ہونے فائلوں تک کوئی رسائی نہیں رکھتا۔

البتہ سینڈ میں ایک خامی ہے کہ اس سے فائل زیادہ افراد کو نہیں بھیجی جا سکتی۔ یہ طریقہ صرف فرد سے فرد فائل منتقلی کے لیے ہی کارآمد ہے۔

اگر آپ اپنی اہم فائلیں مقامی فولڈر کے بجائے کلاؤڈ پر رکھتے ہیں، تو آپ انہیں اپنے دوستوں سے شیئر بھی کر سکتے ہیں۔ ڈراپ بکس آپ کو ان افراد کے ساتھ بھی فائلیں شیئر کرنے کی اجازت دیتا ہے جو اس کے ممبر نہیں ہیں۔ یہ 2جی بی کی آن لائن اسٹوریج مفت دیتا ہے اور ریفرلز کو ملائیں تو 16 جی بی تک کی اضافی اجازت مل سکتی ہے۔ ویسے قیمتاً بھی کئی پلانز دستیاب ہیں۔

کچھ یہی کہانی گوگل ڈرائیو کی بھی ہے اور اگر آپ گوگل اکاؤنٹ رکھتے ہیں تو آپ کے پاس 15 جی بی کی جگہ موجود ہے، جائیے اور حاصل کیجیے۔ آپ یہ فائلیں دیگر افراد کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں اور انہیں اپنے آن لائن اسٹوریج تک محدود رسائی دے سکتے ہیں۔

آخر میں ڈراپ بکس اور گوگل ڈرائیو کے مقابلے میں مائیکروسافٹ کے ون ڈرائیو کا ذکر۔ یہ بھی 15 جی بی اسٹوریج رکھتا ہے اور آپ کو بلٹ اِن شیئر بٹن کے ساتھ فائلوں کو باآسانی شیئر کرنے کی سہولت دیتاہے۔