بنیادی پروگرامنگ سیکھیں، گوگل کی مدد سے

1,660

گوگل کے اپنے انکیوبیٹر ایریا 120 میں کام کرنے والے چند ملازمین نے "گراس ہوپر” نامی ایک مفت موبائل ایپ جاری کی ہے جو آپ کو بنیادی پروگرامنگ سکھا سکتی ہے۔

خوبصورت ڈیزائن رکھنے والی یہ ایپ ہر اس شخص کے لیے موزوں ہے جو خود فون استعمال کر سکتا ہے۔ بنیادی چیلنجز کو حل کرکے اور کوئز سوالات کے جواب دے کر آپ جلد ہی بنیادی جاوا اسکرپٹ سیکھ سکتے ہیں۔

گیمز پر مشتمل اس ایپ کو پروگرامنگ کے بانی گریس ہوپر سے منسوب کیا گیا ہے۔ یہ اب تک اسباق کے تین مجموعوں پر مشتمل ہے جو کوڈنگ کی بنیادی تعلیم کا احاطہ کرتے ہیں جنہیں فنکشنز، ویری ایبلز اور آبجیکٹس کا استعمال کہا جاتا ہے اور ساتھ ہی اینی میشنز بھی ہیں۔ اس میں صارف روزانہ کی بنیاد پر چیلنجز مکمل کر سکتا ہے۔

گراس ہوپر کے مواد کو مکمل کرنے کے بعد آپ کورسیرا کے تجویز کردہ کورسز کر سکتے ہیں تاکہ جاوا اسکرپٹ، HTML، CSS، الگورتھمز اور ویب ڈیزائن کے بارے میں مزید مفت پڑھ سکیں۔ یا پھر آپ کی مرضی ہے کہ آپ گراس ہوپر کے آن لائن پلے گراؤنڈ میں ہی رہیں اور اپنی JS اینی میشنز بنائیں۔

یہ بڑی مزیدار ایپ ہے اور دفتر یا تعلیمی ادارے جاتے ہوئے دوران سفر بھی اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ سوشل میڈیا کے بے جا استعمال کا بہترین اور کارآمد متبادل ہے۔

گراس ہوپر ایریا 120 کی تازہ ترین پروڈکٹ ہے، جو گوگل کے ملازمین کو اپنے سائیڈ پروجیکٹس پر کل وقتی کام کرنے اور انہیں حقیقت کا روپ دینے کے لیے بنایا گیا شعبہ ہے۔ اس سے پہلے ایریا 120 اپ ٹائم بھی جاری کر چکا ہے جو آپ کو یوٹیوب وڈیو دیکھنے اور ساتھ ہی دنیا میں کہیں بھی موجود دوستوں کے ساتھ sync کرنے کی سہولت دیتی ہے اور ساتھ ہی سپر سونک بھی جو ایموجی کے شائقین کے لیے ایک میسیجنگ ایپ ہے۔

گراس ہوپر گوگل پلے پر یہاں سے اور ایپل ایپ اسٹور پر یہاں سے حاصل کی جا سکتی ہے۔