بیٹری لائف کیسے بڑھائیں؟ سائنسی جواب پڑھ لیں

1,717

جی ہاں! ہمیں معلوم ہے کہ اسمارٹ فون کی بیٹریاں ویسی نہیں ہوتیں جیسی ہم چاہتے ہیں، یہ بمشکل ہی ایک دن نکالتی ہیں لیکن کسی حد تک یہ ہماری اپنی غلطی ہوتی ہے کیونکہ ہم ان بیٹریوں کو غلط چارج کرتے ہیں۔

زیادہ تر صارفین یہ سمجھتے ہیں کہ اسمارٹ فونز کو وقفے وقفے سے اور تھوڑا تھوڑا چارج کرنا ان کی بیٹریوں کو نقصان پہنچتا ہے اور جب بیٹری صفر کے قریب ہو تب انہیں مکمل چارج کرنا بہتر ہے۔ درحقیقت یہ غلط ہے۔ اصل میں کیڈیکس نامی بیٹری کمپنی کی ویب سائٹ ‘بیٹری یونیورسٹی’ بتاتی ہے کہ ہمارے اسمارٹ فونز کی لیتھیئم آیون بیٹریاں حساس ہوتی ہیں اور انسانوں کی طرح ان پر زیادہ دباؤ ان کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہے۔ اگر آپ اپنے اسمارٹ فون کو بہترین حالت میں رکھنا چاہتے ہیںا ور بیٹری لائف کے بارے میں پریشان نہیں ہونا چاہتے تو آپ کو چند باتوں کو ذہن میں رکھنا ہوگا۔

پہلی بات، جب فون مکمل طور پر چارج ہو تو بھی اسے چارج بھی لگائے رکھنا، جیسا کہ کئی لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ رات کو سوتے ہوئے فون کو چارج پر لگا دیتے ہیں، بیٹری کے لیے نقصان دہ عمل ہے۔ ایک مرتبہ فون 100 فیصد چارج ہو جائے تو اسے یہیں پر برقرار رکھنے کے لیے ہر کچھ دیر بعد تھوڑا چارج ملتا رہتا ہے۔ ان جھٹکوں سے بیٹری زبردست دباؤ میں آ جاتی ہے اور اس کی کیمیائی حالت متاثر ہوتی ہے۔

بیٹری یونیورسٹی نے اس حوالے سے کئی سائنسی تفصیلات پیش کی ہیں اور صاف الفاظ میں کہا ہے کہ "جب مکمل چارج ہو جائے تو ڈیوائس نکال لیں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے سخت ورزش کے بعد پٹھوں کو آرام دیا جاتا ہے۔”

دوسرا، یہ کہ فون کو 100 فیصد چارج کرنے کی کوشش ہی نہ کریں۔ "لیتھیئم آیون بیٹریوں کو مکمل چارج ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ یہ بہتر ہے کہ انہیں مکمل چارج نہ کیا جائے کیونکہ زیادہ وولٹیج بیٹری پر دباؤ ڈالتا ہے۔” آسان طریقہ یہ ہے کہ جب بھی وقت ملے فون کو چارج کرلیں۔

سائنسی تحقیق ثابت کرتی ہے کہ اسمارٹ فونز کی بیٹریاں بہترین حالت میں رہتی ہیں، اور لمبے عرصے چلتی ہیں، جب انہیں دن میں وقتاً وقتاً چارج کیا جاتا رہے، بجائے اس کے کہ مکمل خالی ہونے کے بعد ایک ہی مرتبہ میں مکمل چارج کیا جائے۔ بیٹری یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ 10 فیصد بیٹری ضائع ہونے کے بعد فون کو چارج کرنا چاہیے لیکن یہ عملی حل نہیں ہے اس لیے بہتر یہی ہے کہ جب بھی ہو سکے فون کو چارج کرلیں۔ فون کو دن میں متعدد بار چارج پر لگانا اور نکال لینا کوئی مسئلہ نہیں۔ نہ صرف یہ آپ کی بیٹری کو بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے تیار کرے گا بلکہ اس کی زندگی بھی لمبی ہوگی۔

آخری بات، فون کو ٹھنڈا رکھیں۔ اسمارٹ فونز کی بیٹریاں گرمی کے حوالے سے بہت حساس ہوتی ہیں۔ خود ایپل بھی تجویز کرتا ہے کہ فون کو چارج کرتے ہوئے اس کا کیس اتار دیں "اگر آپ کو محسوس ہو کہ چارجنگ کے دوران فون گرم ہو رہا ہے تو پہلے کیس اتاریں۔” اگر آپ باہر ہیں، گرمی پڑ رہی ہیں تو فون کا کور لازمی اتاریں۔