بجلی سے چلنے والے ٹرک جو خاموشی سے کچرا اٹھائیں گے

1,071

وہ وقت قریب آ چکا ہے جب کچرا اٹھانے والے ٹرک اتنا شور نہیں مچائیں گے۔ وولوو نے اپنا نیا الیکٹرک گاربیج ٹرک ڈیزائن متعارف کروایا ہے جسے وولوو FE الیکٹرک کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ٹرک مؤثر اور خاموش طریقے سے کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

لیتھیئم آیون بیٹریوں سے چلنے والا یہ ٹرک 125 میل یعنی 200 کلومیٹر سے زیادہ کی رینج رکھتا ہے اور صفر ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ بہترین ٹرک کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس میں سفر بھی خاموش انداز سے ہوگا اور جہاں سے یہ کچرا اٹھائے گا، وہاں بھی بہت کم شور کرے گا۔

وولوو ایف ای الیکٹرک 2019ء میں یورپ میں دستیاب ہوگا جہاں اس کا آغاز ہیمبرگ، جرمنی سے ہوگا۔ یہ نیا گاربیج ٹرک گزشتہ ماہ ایف ایل ٹرک کی رونمائی کے بعد وولوو کی نئی پیشکش ہے۔ ایف ایل الیکٹرک بھی ایک بجلی سے چلنے والا ٹرک ہے جو زیادہ طویل 185 میل یعنی تقریباً 300 کلومیٹر کی رینج رکھتا ہے اور 185 کلوواٹ کی طاقتور موٹر رکھتا ہے۔

بہرحال، نیا ایف ای ڈوئل-الیکٹرک موٹر ماڈل بھاری بھرکم چیزیں اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 60 ہزار پونڈز تک اٹھا سکتا ہے۔ یعنی کچرا اٹھانے کے لیے پرفیکٹ!

ہیمبرگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کی 300 روایتی کچرا اٹھانے والی گاڑیاں سالانہ 66 پونڈز کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتی ہیں۔ بجلی سے چلنے والے یہ نئے ٹرک شہر کو اس آلودگی سے بچائیں گے۔