بٹ کوائن دس سالوں میں دنیا کی واحد کرنسی بن جائے گا

1,956

سوشل میڈیا کی دنیا کے معروف نام ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی نے کہا ہے کہ بٹ کوائن اگلے دس سالوں میں دنیا کی واحد کرنسی بن جائے گا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ "دنیا بالآخر واحد کرنسی پر آئے گی، انٹرنیٹ کی بھی واحد کرنسی ہوگی۔ ذاتی طور پر میرا ماننا ہے کہ یہ بٹ کوائن ہوگی۔ یہ ممکنہ طور پر اگلے دس سالوں میں ہوگا، لیکن یہ جلد بھی ہو سکتا ہے۔”

ڈورسی کی جانب سے بٹ کوائن کی یہ حمایت کئی حلقوں کے لیے حیران کن ہے، خاص طور پر اس وقت جب فیس بک اور گوگل کی طرح ٹوئٹر پر بھی کرپٹو کرنسی کے اشتہارات بند کردیے جانے کی خبریں آ چکی ہیں۔

دراصل ڈورسی کا دوسرا منصوبہ اسکوائر (Square) ابتداء ہی سے کرپٹو کرنسی حامی ہے۔ جنوری 2018ء سے اسکوائر کی کیش ایپ صارفین کو فوری طور پر بٹ کوائن خریدنے اور فروخت کرنے کی سہولت دے رہی ہے۔

ڈورسی اس وقت لندن میں اسکوائر کی ترویج کے لیے موجود ہیں، اور کہتے ہیں کہ اس وقت بٹ کوائن میں وہ صلاحیت نہیں جو اسے ایک موثر کرنسی بنا سکے۔ "یہ سست ہے اور مہنگی ہے، لیکن جیسے جیسے مزید لوگ اسے پاتے جائیں گے، یہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ ایسی نئی ٹیکنالوجیاں ہیں جو بلاک چین کو بنا رہی ہیں اور اسے قابل رسائی بنا رہی ہیں۔