بلیک بیری نے بھارت میں دو نئے اسمارٹ فون متعارف کروادیئے

3,670

بلیک بیری اپنے زوال کے بعد سے اب تک اسمارٹ فون کی مارکیٹ میں اپنی جگہ دوبارہ بنانے کی سر توڑ کوششیں کررہی ہے۔ اس سلسلے میں بلیک بیری نے کئی اسمارٹ فون متعارف کروائے لیکن وہ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ اب تازہ کوششوں میں بلیک بیری نے اسمارٹ فون تیار کرنے والی بھارتی کمپنی Optiemus کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے جو بلیک بیری کے لیے دو نئے اسمارٹ فون BlackBerry Evolve اور Evolve X تیار کرے گی۔

ان دونوں نئے اسمارٹ فونز کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ بڑی اسکرین والے اسمارٹ فون ہونگے اور ان کا اسکرین ریشو 18:9 ہوگا۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ یہ خاصے لمبوترے فون ہونگے۔ Evolve سیریز کے اسمارٹ فون اینڈروئیڈ اوریو 8.1 پر مبنی ہونگے۔

پچھلے اسمارٹ فونز کے برخلاف نئے فونز میں بلیک بیری طبعی QWERTY کی بورڈ شامل نہیں کرے گا۔ جبکہ فون کی سکیوریٹی کے لیے پشت پر فنگر پرنٹ سینسر کے ساتھ ساتھ چہرہ پہچان کر unlock ہونے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ دونوں فونز میں بیٹری 4 ہزار ملی ایمپیئر آوور کی نصب ہوگی ۔ ساتھ ہی فون میں وائرلیس چارجنگ کی صلاحیت بھی موجود ہوگی۔

ابتداء میں Evolve اسمارٹ فون خصوصی طور پر صرف ایمزون انڈیا کے پلیٹ فارم سے اگست کے آخر میں دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت 365 ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ Evolve X کی قیمت البتہ 510 ڈالر تک ہوگی لیکن اس میں ریم 6 جی بی ہوگی۔

Optiemus یا بلیک بیری دونوں نے اب تک اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا یہ فون بھارت کے علاوہ بھی کہیں فروخت کیے جائیں گے یا نہیں۔