بلیک بیری پھر سے لوٹ کر آ رہا ہے، نئے Key2 اسمارٹ فون کے ساتھ

1,155

ٹیکنالوجی بلاگ سی نیٹ میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق بلیک بیری اگلے ماہ جون کی 7 تاریخ کو اپنا نیا اسمارٹ فون Key2 کے نام سے متعارف کروا رہا ہے۔

بلیک بیری ہمیشہ سے ہی کلیدی عہدوں پر فائز اور اہم شخصیات کا منظورِ نظر اور پسندیدہ فون رہا ہے۔ خاص طور پر وہ لوگ جن کے لیے ذاتی معلومات کا تحفظ اہم ترین ترجیح ہو۔ کیونکہ بلیک بیری کا اپنا انٹرپرائز سیکیورٹی سافٹ وئیر اس تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔ لیکن ٹچ اسمارٹ فون کے مارکیٹ میں آنے کے بعد بلیک بیری کی مارکیٹ ختم ہو کر رہ گئی تھی۔

گزشتہ سے پیوستہ سال میں ٹی سی ایل کی جانب سے بلیک بیری کے حقوق خریدے جانے کے بعد بلیک بیری برانڈ کی مقبولیت میں ایک نیا موڑ آیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کے مشترکہ وسائل سے تیار کردہ بلیک بیری Keyone فون گزشتہ سال متعارف کروایا گیا تھا۔ جسے فروخت کے حوالے سے عالمی طور پر تو کوئی خاص پزیرائی نہیں ملی تھی البتہ بلیک بیری کے مخصوص صارفین اور QWERTY کی بورڈ کو چاہنے والوں نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا تھا۔

اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے رواں سال جون میں بلیک بیری Key2 کے نام سے فون متعارف کروایا جا رہا ہے۔ چین کی مشہور ریگولیٹری سائٹ TENAA پر اس فون کی کچھ تصاویر بھی لیک ہوئیں ہیں۔ جن سے معلوم ہوتا ہے کہ اس ماڈل میں بھی بلیک بیری کا مشہور عالم QWERTY کی بورڈ نصب ہو گا۔

لیک شدہ معلومات کے مطابق فون کی دیگر خصوصیات درج ذیل ہیں۔

ڈسپلے: 4.5 انچ ڈسپلے

ریزولیوشن: 1620×1080 پکسلز

پراسیسر: کوالکوم اسنیپ ڈریگن 660 ہشت کور پراسیسر چپ

عارضی میموری: 6 گیگا بائٹس

اندرونی اسٹوریج: 64 گیگا بائٹس اضافی کارڈ سلاٹ کے ساتھ

آپریٹنگ نظام: اینڈروئیڈ اوریو 8.1

بیٹری: لیتھیم آئن 3500 ایم اے ایچ (متوقع)

خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ Key2 فون بلیک بیری کی عالمی مارکیٹ میں شاندار واپسی کے لیے راہ ہموار کرے گا۔