بوسٹن ڈائنامکس کے روبوٹس، اب بہتر سے بہترین

2,361

ہر نئی وڈیو کے ساتھ ہم دیکھ رہے ہیں کہ بوسٹن ڈائنامکس کے روبوٹس بہتر سے بہترین ہوتے جا رہے ہیں، ان کے کام کرنے کا انداز بالکل فطری لگ رہا ہے اور اب تو وہ کئی ایسی حرکتیں کر لیتے ہیں جو پہلے ناممکن تھیں۔ آج کمپنی نے اپنے یوٹیوب چینل پر دو نئے وڈیو کلپس ڈالے ہیں جو ‘اٹلس‘ اور ‘اسپاٹ منی‘ نامی دو روبوٹس کی تازہ ترین پیشرفت ظاہر کر رہے ہیں۔

گو کہ ان وڈیوز میں کچھ خاص نیا نہیں ہے لیکن ان سے یہ ضرور ظاہر ہو رہا ہے کہ اب یہ روبوٹس حرکت میں زیادہ فطری انداز کے حامل ہیں۔ ایک وڈیو میں دو ٹانگوں والے اٹلس روبوٹ کو ایک گھاس کے قطعے پر دوڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہاں تک کہ راستے میں جب ایک رکاوٹ آئی تو وہ رک کر اس کے اوپر سے چھلانگ بھی لگانے میں کامیاب ہوا۔

دوسری وڈیو میں کتّے جیسا اسپاٹ منی روبوٹ دفتر میں ادھر سے ادھر گھوم رہا ہے اور اس میں ہم اسے سیڑھیاں چڑھتے اور اترتے دیکھ سکتے ہیں۔ بوسٹن ڈائنامکس کہتا ہے کہ ایک آپریٹر نے ابتداء میں اسے یہ راستہ مکمل کروایا تاکہ وہ اس علاقے کی نقشہ کشی کرلے لیکن اس وڈیو میں یہ مکمل طور پر اپنی معلومات کے مطابق اور خود مختار طور پر چلتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ راستے کی رکاوٹوں کو سمجھنے کے لیے یہ روبوٹ اپنے کیمروں کا ہی استعمال کر رہا ہے۔