بوسٹن ڈائنامکس روبوٹ بیچے گا

920

26 سال بعد بالآخر بوسٹن ڈائنامکس اپنے روبوٹس فروخت کرنے کے لیے تیار ہو رہا ہے۔ بانی مارک ریبرٹ کہتے ہیں کہ کمپنی کا تیارکردہ اسپاٹ منی روبوٹ اس وقت تیاری کے مراحل میں ہے اور اگلے سال یعنی 2019ء میں کمرشل سطح پر دستیاب ہوگا۔

بوسٹن ڈائنامکس نے اسپاٹ منی پچھلے سال متعارف کروایا تھا اور اس میں بڑے چار پیروں والے اسپاٹ کے ڈیزائن کو ملحوظ خاطر رکھا گیا تھا۔ کمپنی بارہا اپنے ایسے منصوبوں کے عملی نمونے سامنے لاتی رہتی ہے اور اسپاٹ منی کو تو ابتداء ہی سے کمرشل انداز میں تیار کیا گیا تھا۔ اس روبوٹ کی کئی وڈیوز انٹرنیٹ پر آئیں اور عام افراد کو حیرت میں مبتلا کیا۔

66 پونڈز وزن رکھنے والا یہ روبوٹ چارج ہونے کے بعد 90 منٹ تک کام کر سکتا ہے۔ ادارے کے الفاظ میں یہ ان کا تیار کردہ "سب سے خاموش” روبوٹ ہے۔

ادارہ رواں سال کے اختتام تک 100 اسپاٹ منی روبوٹس تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے ساتھ ہی 2019ء میں فروخت کا آغاز ہو جائے گا۔ ابھی تک اس روبوٹ کی قیمت ظاہر نہیں کی گئی۔

ویسے ابھی چند دن پہلے ہی اسپاٹ منی کی ایک اور وڈیو سامنے آئی تھی جس میں اسے سیڑھیاں چڑھتے اور اترتے بھی دیکھا گیا تھا۔

بوسٹن ڈائنامکس 1992ء میں بنایا گیا تھا۔ گوگل کے مالک ادارے الفابیٹ انکارپوریٹڈ کے ساتھ چند سال تک کام کرنے کے بعد گزشتہ سال اسے سافٹ بینک نے خرید لیا تھا۔