کریم کا ڈیٹا ہیک ہوگیا

2,362

کریم نے کہا ہے کہ اس کے 14 ملین صارفین اور ڈرائیورز کا ڈیٹا ایک سائبر حملے میں چوری ہوگیا ہے۔

رائیڈ ہیلنگ سروس کے مطابق یہ واقعہ رواں سال کے اوائل میں 14 جنوری کو پیش آیا تھا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس تاریخ کے بعد کریم کا انتخاب کرنے والے افراد اس حملے سے محفوظ ہیں۔ ادارہ کہتا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

اس واقعے کا اعلان کریم نے صارفین کو ای میل بھیج کر کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کریم نے ایک سائبر حملے کا سامنا کیا جس میں ہیکرز نے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی۔ گو کہ اب تک اس ڈیٹا سے کسی فراڈ یا غلط استعمال کی شہادت نہیں ملی لیکن پھر بھی وہ اپنے صارفین کو مشورہ دیں گے کہ وہ اپنے پاس ورڈز تبدیل کرلیں اور اس پاس ورڈ کا کسی دوسری ویب سائٹ پر استعمال نہ کریں۔ اس کے علاوہ کسی ای میل میں دیے گئے لنکس اور اٹیچمنٹ ڈاؤنلوڈ کرنے سے بھی گریز کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کا اندازہ لگانے کے لیے بینک اکاؤنٹ پر بھی نظر ڈالیں۔

کریم پاکستان سمیت 13 ممالک کے 90 شہروں میں کام کرتا ہے اور یہ مشہور ادارے اوبر کو خاصی ٹکر دے رہا ہے۔