ڈائری کی مانند فولڈ ہونے والا سام سنگ گیلیکسی ایکس اسمارٹ فون

2,495

فولڈ ایبل اسمارٹ فون کا خواب اب حقیقت کا روپ دھارنے کو ہے۔ گزشتہ دنوں کمپیوٹنگ پر ایک مضمون شائع ہوا تھا کہ ہوواوے فولڈ ایبل متعارف کروانے والی دنیا کی پہلی کمپنی بن سکتی ہے۔ لیکن حال ہی میں اور خبر کے نتیجے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ سام سنگ نے بھی فولڈایبل فون کا ایک ڈیزائن رجسٹرڈ کروایا ہے جسے مبینہ طور پر سام سنگ کے اگلے گیلیکسی X فون کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

برطانوی اخبار دی سن میں شائع ہونے والی روئداد کے مطابق سام سنگ نے امریکی محکمہ پیٹنٹ و ٹریڈ مارک میں مختلف اسنادِایجاد (Patents) کو درج کروایا ہے۔ جن کی رو سے سام سنگ ایک فولڈایبل اسمارٹ فون بنا سکتا ہے۔

رجسٹر شدہ ڈیزائن سے ظاہر ہوتا ہے کہ سام سنگ کا اگلا فون ایک کی بجائے تین 3.5 انچ نامیاتی (OLED) اسکرینوں پر مشتمل ہو گا۔ ان میں سے دو اسکرینوں کو کھول کر 7 انچ اسکرین بنائی جا سکتی یے۔ نیز انہیں آپس میں فولڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ تیسری اسکرین فولڈ شدہ حالت میں موبائل اور صارف کے درمیان رابطہ کاری کا کام دے گی۔

تکنیکی طور پر دیکھا جائے تو یہ مکمل فولڈ یعنی لپیٹی جانے والی اسکرین نہیں لگتی۔ البتہ ہم اسے ڈائری یا باکس کی مانند بند ہونے والی اسکرین ضرور کہ سکتے ہیں۔ ایسی اسکرین بنانے کے تجربات پہلے بھی کیے جا چکے ہیں تاہم اس پیٹنٹ کی خوبی یہ ہے کہ اس میں ڈسپلے مکمل طور پر ایک دو یا تین حصوں میں بھی تقسیم ہو سکتا ہے۔ نیز یکساں اسکرین کا روپ بھی دھار سکتا ہے۔

اگر ہم پیٹنٹ کا بغور جائزہ لیں تو بظاہر یہ ایک عام اسمارٹ فون کی طرح معلوم ہوگا (نیچے دی گئی تصویر)

لیکن اسکرین کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ اسے عین درمیان سے دوہرا کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس عمل کے دوران تقسیم کی ترکیب کے ساتھ اسکرین کے دونوں حصوں کو دو مختلف ایپس کو ایک ہی وقت میں چلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جیسا نیچے تصاویر میں دکھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تہری فولڈایبل اسکرین کا ڈیزائن بھی انہی خطوط پر بنایا گیا ہے۔ جس میں اسمارٹ فون خودبخود تینوں حصوں کو لپیٹ سکتا ہے۔ جبکہ بوقت ضرورت صارف اس کے ایک حصے کو کھول کر اطلاعات و پیغامات وغیرہ دیکھ سکتا ہے۔

اس ڈیزائن کو "ٹرائی فولڈ” ڈیزائن کا نام بھی دیا گیا ہے۔ جس کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ ایک حصے کو سہارا بنا کر باقی دو حصوں کو کھول کر ڈسپلے کا کام لے سکتا ہے۔

ڈیزائن کے مطابق تمام حصوں کو اگر آپس میں لپیٹا جائے تو یہ ایک چھوٹے سے بریف کیس یا ڈائری کی شکل اختیار کر جاتا ہے۔

یہاں یہ بات واضح کرتے چلیں کہ ضروری نہیں سام سنگ اس پیٹنٹ یافتہ ڈیزائن کو عملی طور پر بہرصورت بنائے گا۔ اکثر ایسے پیٹنٹ یا اسنادِ ایجاد صرف ریکارڈ کا حصہ بن کر رہ جاتے ہیں۔ تاہم سام سنگ کے اس اعلان کہ "اگلے سال تک فولڈایبل فون متعارف کروایا جائے گا” اور حریف ایپل کے فولڈایبل آئی فون کی خبروں کو مدنظر رکھا جائے تو یہ بات یقینی ہے کہ سام سنگ کا اگلا فلیگ شپ فون گیلیکسی X یعنی گیلیکسی 10 درجہ بالا پیٹنٹ یافتہ ڈیزائن کے مطابق ہو گا۔

توقع ہے کہ سام سنگ یہ فون اگلے سال فروری میں منعقد ہونے والی عالمی موبائل کانگریس میں متعارف کروائے گا۔ قیمت کے بارے میں ابھی فی الحال کوئی اندازہ نہیں۔تاہم اگر آپ فولڈایبل فون جیسی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں تو اس کے لیے یقیناً آپ کے جیب میں بھاری رقم ہونا چاہیے۔