دل تھام لیجیے، نیا آئی فون اور بھی مہنگا ہوگا

1,934

تمام تر کوشش کے باوجود ایپل کا آئی فون X توقعات کے مطابق بڑی تعداد میں فروخت نہیں ہو رہا۔ شاید ایپل کے پرستاروں کے لیے 999 ڈالرز بہت بھاری قیمت ہے لیکن ذرا دل تھام کے بیٹھیں کہ 2018ء میں پیش کیا جانے والا اگلا آئی فون اس سے بھی زیادہ مہنگا ہوگا۔

UBS کے تجزیہ کاروں اسٹیون میلونووچ اور بینجمن ولسن نے پیشن گوئی کی ہے کہ 2018ء کے آئی فون X کی قیمت 1100 ڈالرز سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ یہ اندازہ آئی فون کی قیمت میں اوسط اضافے کے رحجان سے اندازہ لگایا گیا ہے جس کے مطابق گزشتہ چند سالوں میں ایپل نے اپنے صارفین کی جیب سے 600 سے 800 ڈالرز نکلوائے ہیں۔

قیمت میں بے پناہ اضافے، لیکن فروخت میں 1 فیصد کی معمولی کمی کو دیکھا جائے تو ایپل کی حکمت عملی اب تک بھرپور کام کر رہی ہے۔ ویسے ایک اچھی خبر اُن کے لیے بھی ہے جو قیمتوں کے حوالے سے ہمیشہ شاکی دکھائی دیتے ہیں۔ ایپل کچھ عرصے سے ایسی مصنوعات پیش کر رہا ہے جن کی قیمتیں عام صارفین کی پہنچ میں ہوں۔ ایک ایسے وقت میں جب ایک طرف آئی فون X کی بھاری قیمت ہے، بنیادی نوعیت کا آئی فون SE بھی موجود ہے جو 300 ڈالرز جیسی کم قیمت میں دستیاب ہو سکتا ہے۔ اس وقت SE آئی فون 349 ڈالرز کا ہے لیکن نئے سال میں اس کی قیمت گرتے ہوئے 300 کی سطح پر آ سکتی ہے۔ یوں اینڈرائیڈ صارفین کی توجہ حاصل کر سکتا ہے۔