دوران ڈرائیونگ فون کا استعمال، آئی فون امید کی کرن

1,604

اس میں حیرت کی بات تو نہیں ہے کہ لوگوں کو اپنا فون بہت پسند ہوتا ہے، یہاں تک کہ ڈرائیونگ کے دوران بھی۔ آپ نے خود دیکھا ہوگا کہ لوگ ڈرائیونگ کے دوران بھی اپنا اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں لیکن کتنے؟ کار انشورنس کمپنی ایورکوٹ کی "ایورڈرائیو” نامی ایپ کے مطابق 37 فیصد تک سفر ایسے ہوتے ہیں جن میں اردگرد سے بے خبر ہوکر اپنا موبائل استعمال کرتے ہوئے ڈرائیونگ کی جاتی ہے۔ اس دوران ڈرائیورز اپنا 11 فیصد تک وقت فون پر استعمال کرتے ہیں، یعنی اوسطاً 29 منٹ کے ایک سفر کے دوران تقریباً 3 منٹ تک۔

ایورڈرائیو نے فون کے جی پی ایس اور ایکسلرومیٹر جیسے سینسرز سے ڈیٹا حاصل کرتے ہوئے 781 ملین میل کے سفر سے یہ نتائج نکالے ہیں، جو بھیانک ہیں، لیکن امید کی ایک کرن ہے، ایپل کا نیا "Do Not Disturb While Driving” فیچر جو ڈرائیور کی توجہ نہ بٹنے کے لیے خاص طور پر تیار کیا گیا ہے۔ بنیادی طور پر اگر آپ کا آئی فون دیکھ لے کہ آپ کسی حرکت کرتی ہوئی کار میں ہیں تو یہ تمام نوٹیفکیشنز بند کردے گا اور آپ کے تمام دوستوں اور اہل خانہ کو خودکار طور پر پیغام بھیج سکتے ہیں کہ آپ گاڑی چلا رہے ہیں اس لیے جواب نہیں دے سکتے۔

ایورکوٹ نے پایا کہ 70 فیصد افراد نے گزشتہ ستمبر میں ایپل کی جانب سے یہ فیچر جاری کیے جانے کے بعد اس کا استعمال کیا اور اب بھی کر رہے ہیں۔ 19 ستمبر سے 25 اکتوبر کے دوران یہ فیچر رکھنے والے افراد کے دوران ڈرائیونگ فون استعمال میں 8 فیصد کمی آئی۔

اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ جن امریکی ریاستوں میں دوران ڈرائیونگ فون کے استعمال پر پابندی ہے وہاں سب سے کم استعمال دیکھا گیا۔ بدترین ریاستیں میری لینڈ، ڈیلاویئر، پنسلوینیا، رہوڈ آئی لینڈ اور کنیکٹیکٹ رہیں جبکہ مونٹانا، ویومنگ، جنوبی ڈکوٹا، الاسکا اور اڈاہو اس حوالے سے سب سے بہتر ریاستیں رہیں۔

ایورکوٹ کی تحقیق کے بارے میں آپ مزید معلومات یہاں سے لے سکتے ہیں۔