دنیا کی 70 کمپنیاں مل کر کار کی ڈیجیٹل چابی تیار کریں گی

3,138

ٹیکنالوجی بلاگ میش ایبل میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق دنیا کی 70 بڑی ٹیکنالوجی اور آٹومیکر کمپنیاں مل کر کار کی ڈیجیٹل چابی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ یہ ایک ایسی میعاری ڈیجیٹل چابی ہو گی جسے آپ اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے استعمال کر سکیں گے۔

دراصل یہ 70 کمپنیاں ٹرپل سی یعنی کار کنیکٹیوٹی کنسورشیم CCC کے تحت مل کر کام کر رہی ہیں۔ ان میں سام سنگ اور ایپل سے لے کر جی ایم موٹرز، ووکس ویگن اور ہنڈائی تک کمپنیاں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی کاریں بنانے والی کچھ کمپنیاں اسمارٹ فون کے ذریعے کار کو ان لاک کرنے جیسی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ البتہ ٹرپل سی کی یہ مشترکہ کوشش ایک میعاری، وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والی اور بہتر خصوصیات کی حامل ڈیجیٹل چابی تیار کرنے کے لیے ہے۔ جسے دنیا بھر میں موجود تمام بڑے کار ماڈلز کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

یہ چابی پہلے سے موجود NFC مواصلات اور TSM انفراسٹرکچر کی مدد سے تیار کی جائے گی۔ اس کو استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے اپنی کار کو مقفل، غیر مقفل کر سکتے ہیں۔ حتی کہ انجن کو بھی چلایا جا سکتا ہے۔ نیز اسے آپ دوسرے کار استعمال کنندگان کے ساتھ شئیر بھی کر سکیں گے۔