دنیا کا پہلا 10 جی بی ریم والا اینڈرائیڈ فون

1,981

اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز وقت کے ساتھ ساتھ مزید طاقتور ہوتے جا رہے ہیں اور حالیہ چند سالوں میں تو یہ کمپیوٹرز کو بھی مات دے رہے ہیں۔ اب 2018ء میں ہمیں ویوو (Vivo) کا ایسا فون دیکھنے کو مل سکتا ہے جس میں 10 جی بی ریم ہوگی۔

ویسے تو اسمارٹ فونز گزشتہ سال 8 جی بی ریم کے ساتھ آنا شروع ہوگئے تھے جیسا کہ ون پلس 5 اور ریزر فون، بلکہ مارکیٹ میں بھی ایسی ڈیوائسز عام ہوگئی ہیں جو 6 جی بی تک ریم رکھتی ہے۔ یہ کسی بھی فون کے لیے کافی زیادہ طاقت ہے، لیکن ویوو سمجھتا ہے کہ اسے مزید بڑھاتے ہوئے 10 جی بی تک لے جانا چاہیے۔ یہ حیران کن قدم ہے اور عجیب بھی، دیکھنا ہوگا کہ مارکیٹ میں اس سے کیا ردعمل پیدا ہوتا ہے؟

ویوو ایکس پلے 7 کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ وہ فون ہوگا جس میں اتنی طاقتور ریم بھی ہوگی اور ساتھ ہی 512 جی بی اسٹوریج کی بھی باتیں سننے میں آ رہی ہیں۔ اتنی زیادہ اسٹوریج اور جاندار ریم کے ساتھ ایکس پلے 7 دنیا کا پہلا فون ہوگا جو کویلکوم کے اسنیپ ڈریگن 845 چپ سیٹ کو ملا کر ہر لحاظ سے ایک پاور ہاؤس ہوگا۔

علاوہ ازیں ویوو فنگر پرنٹ سینسر کو بھی اسکرین میں ہی دینا چاہ رہا ہے۔ 18:9 اولیڈ ڈسپلے میں یہ خصوصیت تو ہوگی ہی ساتھ ہی چہرہ پہچاننے کے لیے "فیس آئی ڈی 2.0” بھی شامل کی جائے گی۔

اب تک ایکس پلے7 کے بہت سے پہلو سامنے نہیں آئی ہے لیکن باضابطہ اعلان کے ساتھ ہی سب کچھ منظر عام پر آ جائے گا۔ ہمیں تو شدت سے انتظار ہے کہ ویوو کی پٹاری سے اب کیا نکلتا ہے؟