دنیا کا پہلا حقیقی ‘آل اسکرین’ فون؟
لینووو نے ایک نئے فون کی پہلی جھلک دکھائی ہے جس میں سامنے کے بڑے حصے پر اسکرین چھائی ہوئی ہے۔ گو کہ ایپل یہ دعویٰ کر سکتا ہے کہ آئی فون X ایک "آل اسکرین” فون ہے لیکن بدنام زمانہ "notch” نے اسے کہیں کا نہیں چھوڑا۔
بہرحال، آنے والے لینووو Z5 کا ابتدائی اور جزوی خاکہ پیش کیا گیا ہے جس کے ساتھ یہ دعویٰ بھی ہے کہ یہ 95 فیصد اسکرین-ٹو-باڈی تناسب رکھتا ہے۔ Z5 ٹیکنالوجی کا ایک شاہکار ہوگا لیکن اس میں مزید کیا کچھ ہے؟ اس بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ آخر فرنٹ کیمرے کو جگہ کیسے دی جائے گی؟
شیاؤمی کے می مکس 2 کا اسکرین-ٹو-باڈی تناسب 91.3 فیصد ہے اور بلاشبہ موبائل انڈسٹری میں بہترین ہے، لیکن پھر بھی موبائل کے فرنٹ فیسنگ کیمرے کو سنبھالنے کے لیے پہلو (bezel) کی ضرورت تو ہے۔
ویسے 2.91 ارب ڈالرز میں گوگل سے موٹورولا خریدنے والا لینووو اب شدت کے ساتھ ایسا فون لانا چاہتا ہے جو ہواوی، ویوو، اوپو اور شیاؤمی کا مقابلہ کر سکے۔