فیس بک سالوں تک اینڈرائیڈ فونز کا کال ریکارڈ اور ایس ایم ایس ڈیٹا جمع کرتا رہا

2,036

یہ بات تو ہم جانتے ہی ہیں کہ فیس بک ہمارے بارے بہت سے رازوں سے واقف ہے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ فیس بک سالوں سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے کال ریکارڈز اور ایس ایم ایس ڈیٹا کو جمع کر رہا ہے۔ ٹوئٹر پر مختلف صارفین نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے فیس بک ڈیٹا کی فائل ڈاؤنلوڈ کی اور پایا کہ ان کی مہینوں بلکہ سالوں کی کال ہسٹری اس میں موجود ہے۔

کیمبرج اینالٹکا اسکینڈل کی وجہ سے فیس بک صارفین بہت پریشان ہیں اور اس سوشل میڈیا کا استعمال ترک کرنے سے پہلے اپنا تمام ڈیٹا ڈاؤنلوڈ کر رہے ہیں۔ اس ڈیٹا کی جانچ کے دوران جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ صارفین کے لیے حیران کن ہیں۔ ایک ٹوئٹر صارف میٹ جانسن نے بتایا کہ میری فیس بک فائل میں ایک سال کے عرصے میں کی گئی تمام موبائل فون کالز اور میسیجز کا ڈیٹا موجود ہے۔ جبکہ ایک صارف ڈائلن میک کے کہتے ہیں کہ اس میں اپنی ساس کے ساتھ کی گئی میری گفتگو کا بھی ریکارڈ موجود ہے۔

فیس بک فون کے رابطوں، ایس ایم ایس ڈیٹا اور کال ہسٹری تک رسائی کی درخواست کرتا ہے اور اس کا مقصد ہے اپنے کام کو بہتر بنانا اور کاروباری روابط اور حقیقی دوستوں میں تفریق کرنا۔ فیس بک ممکنہ طور پر یہ تمام ڈیٹا اپنی ایپلی کیشن میسنجر کے ذریعے جمع کرتا ہے جو اینڈرائیڈ صارفین کی ڈیفالٹ ایس ایم ایس ایپ بھی بن سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک یہ حرکت کئی سالوں سے کر رہا ہے، خاص طور پر اس وقت سے جب اینڈرائیڈ میں ‘permissions’ کا نظام اتنا مضبوط نہیں تھا۔ گوگل نے بعد ازاں اینڈرائیڈ پر پرمیشنز کو زیادہ واضح اور شفاف بنایا لیکن اس کے باوجود ڈیولپرز کال اور ایس ایم ایس ڈیٹا کے حوالے سے اسے دھوکا دے جاتے تھے یہاں تک کہ گوگل نے حالیہ اکتوبر میں پرانے اینڈرائیڈ اے پی آئی کو مسترد کردیا۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ contacts تک رسائی کی خاطر کسی بھی ایسی ایپ کے لیے فون کال ہسٹری کا استعمال کرنا عام بات ہے۔

اب تک آئی او ایس ڈیوائسز پر کال ریکارڈ یا ایس ایم ایس ڈیٹا جمع کرنے کا ایسا کوئی سلسلہ نہیں پایا گیا، گو کہ ایپل چند مخصوص ایپس کو اس ڈیٹا تک محدود رسائی دیتا ہے تاکہ وہ اسپیم کالز اور ٹیکسٹ کو بند کر سکیں۔ لیکن آئی او ایس پر ایپس کی اکثریت کو کال ہسٹری یا ایس ایم ایس تک رسائی نہیں ہوتی۔ فیس بک کی آئی او ایس ایپ بھی آئی فون پر اس ڈیٹا کو پکڑ نہیں سکتی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept