فیس بک آپ کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہے

1,378

فیس بک نے کافی عرصے سے اپنے صارفین کو سہولت دے رکھی ہے کہ وہ سوشل نیٹ ورک پر موجود اپنا تمام ڈیٹا ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔ یعنی ہمیں پتہ چل سکتا ہے کہ آخر فیس بک ہمارے بارے میں کیا کچھ جانتا ہے؟

حال ہی میں سوشل میڈیا ماہر جارجس ابی-ہیلا نے اپنا تمام ڈیٹا ڈاؤنلوڈ کیا، جو 500 ایم بی کا تھا اور اس کی بنیاد پر انہوں نے بہت سے نتائج اخذ کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سادہ الفاظ میں یہ کہنا مناسب ہوگا کہ فیس بک کبھی کوئی چیز ڈیلیٹ نہیں کرتا۔ آپ نےکن دوستوں کو انفرینڈ کیا، کس کس سے تعلقات رکھے، کن اداروں میں کام کیا، پرانے نام، ایڈریس بک اور جو کچھ فیس بک پر ڈالا، وہ سب اس کے پاس موجود ہے۔ ابی-ہیلا نے بتایا کہ میں نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ 14 ستمبر 2007ء کو صبح 10 بجکر 59 منٹ پر منایا اور تب سے میری ہر حرکت ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہوگا کہ 10 سال تک انسانی رویّے کو مستقل نظر میں رکھا گیا، جمع کیا گیا اور اس کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

کچھ ڈیٹا ایسا ہے جو آپ کی توقع سے زیادہ تفصیل سے جمع کیا گیا ہے جیسا کہ جب بھی آپ کوئی تصویر فیس بک پر ڈالتے ہیں تو وہ اپنے تمام ڈیٹا کے ساتھ ریکارڈ ہوتی ہے۔ اس میں حیرانگی کی کوئی بات ہے بھی نہیں لیکن تفصیلات آپ اور میری کی توقع سے کہیں زیادہ ہیں جیسا کہ کیمرا کس کمپنی کا بنا ہوا ہے، ماڈل، ایکسپوژر، ایف-اسٹاپ، آئی ایس او اسپیڈ، فوکل لینتھ، مقام اور اپلوڈ آئی پی ایڈریس۔ یعنی جب بھی آپ فیس بک پر کوئی تصویر اپلوڈ کرتے ہیں تو نہ صرف آپ کی موجودہ لوکیشن بلکہ آئی پی ایڈریس کا بھی پتہ چل جاتا ہے۔

اگر آپ ان 1.4 ارب افراد میں شامل ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر فیس بک استعمال کرتے ہیں تو جان لیں کہ فیس بک ہماری روزمرہ زندگی کے معمولات کو کئی لوگوں سے زیادہ جانتا ہے۔ ہمارا گھر کہاں ہے، ہم کہاں کام کرتے ہیں، روزمرہ سفر کے لیے کیا استعمال کرتے ہیں، کس وقت اٹھتے اور کس وقت سوتے ہیں، ہم نے سفر کیا تو اس کا دورانیہ کیا تھا اور ہماری منزل کیا ہے؟ وغیرہ۔

اور یہ بھی جان رکھیں کہ چاہے آپ کو تصویر میں ٹیگ کیا گیا ہو یا نہ کیا گیا ہو، دونوں صورتوں میں فیس بک اندازہ لگا لیتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیس بک کی چہرہ پہنچاننے (face recognition) کی ٹیکنالوجی اتنی تیز ہے کہ یہ 98 فیصد درستگی کے ساتھ کسی بھی تصویر میں موجود شخص کو پہچان سکتی ہے۔ پانچ سیکنڈز سے بھی کم وقت میں اور 800 ملین افراد کے ڈیٹا میں سے۔

اگر آپ اپنی ایڈریس بک تک بھی فیس بک کو رسائی دیتے ہیں تو یہ آپ کے کانٹیکٹ ڈیٹا کو ہمیشہ اپنے پاس محفوظ رکھ سکتا ہے۔

اگر آپ بھی جاننا چاہتے ہیں تو فیس بک کی سیٹنگ میں جاکر اپنا ڈیٹا ڈاؤنلوڈ کیجیے۔