فیس بک ڈاؤن ووٹ کے عوامی تجربات

1,093

فیس بک نے فروری میں ڈاؤن ووٹ بٹن کا اعلان کیا تھا اور اب بہت ہی محدود صارفین کو یہ فیچر دیا گیا ہے۔ اب تک اس تجربے کے نتائج "بہت اچھے” رہے ہیں اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کئی صارفین اس تجربے میں شامل ہیں۔

فیس بک ترجمان کے مطابق صارفین نے ہمیں بتایا کہ وہ فیس بک پر بہتر گفتگو دیکھنا چاہتے ہیں اور مختلف آراء رکھنے والے افراد میں تعمیری گفتگو کے خواہشمند ہیں۔ اس کے لیے ہم نیوزی لینڈ میں ایک چھوٹا سا تجربہ کر رہے ہیں جو صارفین کو کسی بھی پیج کی پوسٹس پر تبصروں میں upvote یا downvote کرنے کی سہولت دے رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ فیچر کام آئے گا۔ اس طرح صارفین کے ووٹ کی بنیاد پر بہترین اور بدترین تبصروں کی درجہ بندی ہوگی۔

گو کہ فیس بک کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ محض نیوزی لینڈ میں ہو رہا ہے لیکن آسٹریلیا میں بھی کئی صارفین نے کہا ہے کہ وہ اس نئے فیچر کو دیکھ رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ آسٹریلیا میں بننے والے چند پیجز پر یہ سہولت نظر آ رہی ہے اور یہ ابھی صرف فیس بک موبائل ایپ پر کام کر رہی ہے۔

فیس بک نے کہا تھا کہ ہم ہرگز کوئی ڈس لائیک بٹن نہیں لا رہے، ہم پیج کی پوسٹس پر تبصروں کے بارے میں عوامی آراء کی سہولت متعارف کروا رہے ہیں۔

ادارے نے 2016ء میں ایموجیز بھی پیش کی تھیں جس کے ذریعے کسی بھی پوسٹ یا تبصروں پر غصے، خوشی، حیرت اور محبت کا اظہار کیا جا سکتا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept