فیس بک پر ڈیٹا ڈیلیٹ کرنا ہوا آسان

1,890

کیمبرج اینالٹکا معاملے پر ہنگامہ کھڑا ہونے کے بعد فیس بک سب کو یاد دہانی کروا رہا ہے کہ وہ سوشل نیٹ ورک پر اپنی پرائیویسی سیٹنگز دوبارہ دیکھ لیں۔ حالیہ اعلان میں ادارہ کہتا ہے کہ "گزشتہ ہفتے نے ثابت کیا ہے کہ اپنی پالیسیوں کو نافذ کرنے اور لوگوں کو بتانے کے لیے ہمیں کتنا کام کرنے کی ضرورت ہے اور یہ جاننے کی بھی کہ فیس بک کس طرح کام کرتا ہے۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ پرائیویسی سیٹنگ اور دیگر اہم ٹولز تلاش کرنا بہت مشکل ہے، اس لیے صارفین کو باخبر رکھنے کے لیے کافی کچھ کرنا پڑا ہے۔”

اب ڈیسک ٹاپ پر فیس بک میں پرائیویسی شارٹ کٹس کا انتخاب آپ کو پرائیویسی چیک اپ میں لے جائے گا ، جو سیٹنگ کی تبدیلی کے بجائے عام سوالات اور ان کے جوابات جیسی جگہ ہے۔ موبائل ایپ میں آپ کو اپنے اکاؤنٹ کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے فوری رسائی ملے گی۔

پرائیویسی سینٹر میں سب سے بڑا اضافہ اپنی شیئر کردہ یا لائیک کردہ کسی بھی چیز کو اور اپنی سرچ ہسٹری کو ڈیلیٹ کرنا ممکن بنانا ہے۔ فیس بک نے اپنی ٹریکنگ اور تشہیر کو بھی تبدیل کرنے کے لیے آپشنز کو آسان بنایا ہے۔

آپ اپنے فیس بک ڈیٹا کی نقل بھی ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں (تصویریں، رابطے، ٹائم لائن پر تصاویر وغیرہ)۔ لیکن اگر آپ کسی صورت فیس بک پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں اور اسے چھوڑ بھی نہیں سکتے تو ایسی براؤزر ایکسٹینشن موجود ہے جو آپ کے کام آ سکتی ہے۔ فیس بک نے کہا کہ یہ تمام فنکشنز پہلے تقریباً 20 مختلف مقامات پر تھے، جنہیں اب ایک جگہ کردیا گیا ہے۔

ایک چیز جو اب بھی آسان نہیں، وہ ہے اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنا۔ واحد آپشن جو جنرل اکاؤنٹ سیٹنگز میں موجود ہے وہ ڈی ایکٹیویشن کا ہے، جس سے ہمارا اکاؤنٹ چھپ تو جاتا ہے، لیکن ڈیلیٹ نہیں ہوتا۔ اگر آپ ڈیلیٹ کرنا چاہتے ہیں تو ہدایات پر عمل کرنا ہوگا اور مکمل حذف ہونے کے لیے 90 دن کا انتظار بھی کرنا پڑے گا۔