فیس بک سے جان چھڑائیں، ہمیشہ کے لیے

3,994

کیا آپ فیس بک سے تنگ آ چکے ہیں؟ فیس بک بلاشبہ دوستوں اور خاندان کے افراد سے رابطے کا بہت اچھا ذریعہ ہے لیکن اپڈیٹس، میسیجز، لائيکس اور سب سے بڑھ کر اشتہارات کی بھرمار کئی صارفین کی برداشت سے باہر ہوگئی ہے۔ لیکن اس سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ فیس بک اب ایک عادت بن چکی ہے۔ برطانیہ کی یونیورسٹی آف ونچسٹر کی ایک تحقیق میں پایا گیا ہے کہ فیس بک کی "لت” میں مبتلا ہو جانے والے دس افراد کو چار ہفتے تک اپنے اکاؤنٹس استعمال کرنے سے روکا گیا۔ ان میں سے کئی جلد ہی بور ہوگئے اور بتایا کہ انہیں ایسا لگا جیسے وہ دنیا سے کٹ گئے ہوں۔

پھر صارفین کو اپنی پرائیویسی پر بھی خدشات لاحق ہیں اور فیس بک کے بارے میں تو مشہور ہے کہ یہ اپنے یوزرز کی جاسوسی کرتا ہے۔ اس لیے اگر آپ بھی تنگ آ چکے ہیں اور اپنے اکاؤنٹ سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس دو راستے ہیں، یا تو اکاؤنٹ deactivate کردیں، اس کا مطلب ہے کہ آپ کا پروفائل سوشل نیٹ ورک سے غائب ہو جائے گا لیکن تمام معلومات فیس بک کے سرورز پر محفوظ رہے گی، یا پھر دوسرا قدم اپنے اکاؤنٹ کو مستقل طور پر ڈیلیٹ کرنا ہے، جس کامطلب ہے کہ آپ کا تمام ڈیٹا حذف کردیا جائےگا اور آپ دوبارہ رسائی حاصل نہیں کر پائیں گے۔اب آپ کی مرضي ہے جس کا چاہے انتخاب کریں۔

اگر آپ اکاؤنٹ deactivate کرنے کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ کے پاس راستہ ہوگا کہ جب بھی چاہیں فیس بک پر واپس آ جائیں۔ یہ کچھ اس طرح ہوگا:

1۔ فیس بک پر انتہائی دائیں جانب اوپر موجود تیر کے نشان پر کلک کریں، جس کا رخ نیچے کی طرف ہوتا ہے

2۔ یہاں Settings کا انتخاب کریں

3۔ بائیں جانب سے Security پر کلک کریں

4۔ یہاں Deactivate your account کا انتخاب کریں اور پوچھنے پر تصدیق کریں۔

اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ ہونے کی صورت میں آپ کا پروفائل فیس بک پر کسی کو نظر نہیں آئے گا اور لوگ آپ کو تلاش بھی نہیں کر پائیں گے لیکن کچھ معلومات جیسا کہ آپ کی جانب سے دوستوں کو بھیجے گئے پیغامات انہیں بدستور نظر آتے رہیں گے۔

اگر آپ فیس بک دوبارہ استعمال شروع کرنا چاہتے ہیں تو کسی بھی وقت اپنے ای میل اور پاس ورڈ کے ساتھ لاگ اِن ہو جائیں۔ پروفائل دوبارہ متحرک ہو جائے گا۔

مستقل ڈیلیٹ کیسے کریں؟

اگر آپ دوبارہ فیس بک کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتے تو آپ اپنے اکاؤنٹ کو مستقل طور پر ڈیلیٹ کرنے کی درخواست دے سکتے ہیں۔ البتہ ایسا کرنے کے بعد آپ اپنے اکاؤنٹ کو کبھی دوبارہ متحرک نہیں کر سکتے اور نہ ہی اپنے پروفائل سے پیش کی جانے والی کوئی بھی چیز دوبارہ پا سکتے ہیں۔

تو ایسا کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ فیس بک سے اپنی معلومات کی ایک کاپی ڈاؤنلوڈ کرلیں ۔

1۔ فیس بک پیج پر انتہائی دائیں جانب اوپر موجود تیر کے اسی نشان پر کلک کریں

2۔ Settings میں جائیں

3۔ مین مینیو میں سب سےنیچے موجود اس لنک پر کلک کریں جس پر لکھا ہے "Download a copy of your Facebook data”

4۔ اس کے بعد اس لنک پر جائیں، یہاں پر Delete my account پر کلک کریں اور پھر اس کی تصدیق کریں۔

فیس بک آپ کے تمام ڈیٹا کو ڈيلیٹ کرنے میں 90 دن تک لگا سکتا ہے جس میں آپ کی تصاویر، اسٹیٹس اپڈیٹس اور بیک اپ سسٹمز میں شامل دیگر ڈیٹا شامل ہوگا۔ اس دوران سوشل نیٹ ورک تک رسائی ممکن نہیں ہوگی۔