فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے بہترین اینڈرائیڈ ایپس

2,578

سعودی عرب اور روس کے میچ کے ساتھ ہی دنیائے کھیل کے بڑے ایونٹس میں سے ایک ‘فیفا ورلڈ کپ‘ کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ اب آئندہ کچھ دنوں تک 32 ملک اس خوبصورت ٹرافی کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئیں گے اور کروڑہا بلکہ اربوں تماشائی ٹورنامنٹ کے لمحے لمحے پر نظر رکھیں گے۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کئی ایسی کارآمد اور بہترین ایپس موجود ہیں جو ورلڈ کپ کے گروپس، شیڈول اور اسکورز کے ساتھ ساتھ کئی معلومات پیش کرتی ہیں۔ آئیے ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

ESPN

ای ایس پی این کی ایپ سب سے شاندار ہے اور یہ عام خبروں اور وسیع کوریج کے ساتھ ساتھ فیفا ورلڈ کپ کے لیے خاص کیٹیگریب بھی رکھتی ہیں۔ گروپ اسٹیج میں ٹیبل پر کیا صورت حال ہے؟ اگلا میچ کس کا ہے؟ کس وقت کھیلا جائے گا اور کہاں پر؟ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ اس ایپ پر ملے گا۔


2018 FIFA World Cup Russia Official App

ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ کے لیے ایپس کی کوئی بھی فہرست آفیشل ایپ کے بغیر پوری نہیں ہو سکتی۔ یہ ایپ ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے تمام 64 میچز کی فوری کوریج اور وڈیوز کے ساتھ ہے۔ یہاں آپ جھلکیاں بھی دیکھ سکتے ہیں اور جاندار تجزیے بھی۔ فیفا ایپ پر تمام کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کے پروفائلز بھی ملیں گے بلکہ آپ کے لیے سب سے مزیدار بات یہ کہ ہر مقابلے میں ‘مین آف دی میچ’ کے لیے ووٹنگ میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ ساتھ ہی فیفا ورلڈ کپ فینٹسی ایپ بھی ہے جو گوگل کے پلے اسٹور سے ڈاؤنلوڈ کی جا سکتی ہے تاکہ آپ اپنی ورلڈ کپ ڈریم ٹیم منتخب کرکے دوسرے فٹ بال کھلاڑیوں سے مقابلہ کر سکیں۔


FotMob World Cup 2018

فٹ موب فٹ بال کے دیوانوں کی ایک پسندیدہ ایپ ہے۔ عام لیگ سیزن کی طرح فٹ موب ورلڈ کپ کے دوران بھی ویسی ہی جاندار کوریج پیش کرتا ہے، وہ بھی اعداد و شمار کے ساتھ اور فوری۔ اس میں صارف پیشن گوئی بھی کر سکتا ہے اور اپنی پسندیدہ ٹیم کے لیے نوٹیفکیشن بھی حاصل کر سکتا ہے۔


Google News


گوگل نیوز ایپ بھی ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ گوگل کا ورلڈ کپ ٹریکر براہ راست اسکور، شیڈول اور نتائج کو خوبصورت اور پرکشش انداز میں پیش کرتا ہے۔ یہ ایپ یوٹیوب پر وڈیو جھلکیاں بھی پیش کرے گی لیکن بدقسمتی سے یہ صرف امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، برازیل، میکسیکو، ارجنٹینا، پیرو اور کولمبیا کے رہنے والے ہی ورلڈ کپ ٹریکر استعمال کر سکیں گے۔


theScore

دی اسکور بھی ایک آل راؤنڈر ایپ ہے جس میں ورلڈ کپ کی خبریں پیش کر رہی ہے۔ تمام خبریں، فوری اسکورز، آئندہ مقابلے، پوائنٹس ٹیبل اور بہت کچھ اس پر موجود ہوگا۔ ساتھ ہی مقبول ہوتے موضوعات اور اپنی پسند کی ٹیم کی خبریں حاصل کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اگر آپ کسی ٹیم کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ کے اس کے ہر گول، متبادل کھلاڑی کی آمد یا کسی کو کارڈ دکھانے کے الرٹس حاصل کر سکتے ہیں۔


SofaScore Live Score

صوفہ اسکور عرصے سے عالمی و یورپی فٹ بال کے پرستاروں میں مقبول ہے اور بلاشبہ ورلڈ کپ 2018ء کے دوران بھی بہترین کوریج دے گی۔ یہ صاف اور سادہ یوزر انٹرفیس پیش کرتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہوتا ہے کھلاڑیوں کی درجہ بندی کا تفصیلی انداز اور ہر کھلاڑیوں کے گول، assists اور پاس مکمل کرنے کے اعداد و شمار بھی، یہی نہیں بلکہ کھلاڑی کی میدان میں حرکت کے heatmaps بھی اس ایپ پر دکھائے جاتے ہیں۔ یہ بلاشبہ پلے اسٹور پر موجود بہترین ورلڈ کپ ایپس میں سے ایک ہے۔


YouTube


مقبول ترین وڈیو شیئرنگ ایپ، جسے کسی تعارف کی ضرورت نہیں۔ گو کہ یہاں پر آپ کوئی مقابلہ براہ راست نہیں دیکھ سکتے ہیں – الّا یہ کہ آپ کے پاس سبسکرپشن ہو – لیکن یوٹیوب 80 سے زیادہ ممالک کے لیے جھلکیاں پیش کرنے کا انتظام رکھتا ہے۔ امریکا میں فوکس، برطانیہ میں بی بی سی اور دیگر ممالک میں بھی بہت سارے چینل یہ کام کریں گے۔ اب یہ نہیں پتہ کہ پاکستان میں پی ٹی وی اسپورٹس یوٹیوب پر جھلکیاں پیش کرے گا یا نہیں، براہ راست نشریات تو بہرحال وہ نہیں دے رہا۔

کیا آپ کے خیال میں کوئی ایسی ایپ ہے جو فہرست میں رہ گئی ہے؟ ہمیں ضرور بتائیے۔