فائرفاکس میں اب آئیں گے اشتہار

989

فائرفاکس کا نعرہ ہے "انٹرنیٹ عوام کے لیے، منافع کے لیے نہیں”، لیکن یہ بات تو آپ جانتے ہی ہیں کہ زمینی حقائق نعروں سے ہمیشہ مختلف ہوتے ہیں۔ پھر گھوڑا گھاس سے دوستی کرلے تو کھائے گا کیا؟ یہی وجہ ہے کہ اب موزیلا ایک ایسے پہلو پر کام کر رہا ہے جو کسی کو پسند نہیں آئے گا یعنی اسپانسرڈ مواد۔

موزیلا نے پچھلے سال "پاکٹ” نامی read-it-alter سروس حاصل کی تھی اور اب اس کی بنیاد پر فائرفاکس کے ہر نئے ٹیب میں suggestions پیش کی جائیں گی، دوسرے الفاظ میں ایسے لنکس جن کے لیے فائرفاکس کو ادائیگی کی جائے گی۔

گزشتہ ہفتے پاکٹ کے بانی نیٹ وینر نے کہا کہ آن لائن اشتہاری ماڈل اب تباہی کی طرف گامزن ہے، پرائیویسی، شفافیت اور صارف پر کنٹرول اس کے بڑے مسائل ہیں۔ اس لیے وہ تجویز کرتے ہیں ایسا متبادل جو تینوں پہلوؤں پر صارف کا اعتماد بھی بحال کرے اور ساتھ ہی آمدنی بھی دے۔

ویسے موزیلا کا کہنا ہے کہ وہ صرف ایسے مواد کو ہی فروغ دے گا جو کارآمد ہو اور ساتھ ہی صارف کو آپشن بھی دے گا کہ وہ اسپانسرڈ suggestions کو مکمل طور پر ڈس ایبل کردے۔

بلاشبہ موزیلا فیس بک اور گوگل کے برعکس اشتہارات سے کافی کم کمائے گا لیکن حاصل جو بھی کرے، یہ بات تو بالکل واضح ہے کہ صارفین کو کوفت بہت ہوگی۔