فٹنس کے لیے پانچ بہترین اینڈرائیڈ ایپس

2,923

نیا سال شروع ہو چکا ہے اور ہر نئے سال کی طرح ہماری طرح آپ نے بھی خود سے کچھ وعدے کیے ہوں گے۔ کئی لوگوں نے یہ عہد کیا ہوگا کہ اس سال وہ اپنی فٹنس پر کام کریں گے اور ایک صحت مند زندگی کا آغاز کریں گے۔

اگر آپ نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے تو آپ کا اسمارٹ فون اس ہدف کو حاصل کرنے بہت مدد کر سکتا ہے۔ ایسی سینکڑوں ایپس ہیں جو فٹنس کے حوالے سے آپ کے کام آ سکتی ہیں لیکن کچھ ایپس زیادہ ہی اچھی ہیں۔ آج آپ کو کچھ ایسی ہی ایپس کے بارے میں بتائیں گے:

MyFitnessPal

مائی فٹنس پال اینڈرائیڈ کے پلے اسٹور پرسب سے زیادہ مشہور اور ڈاؤنلوڈ ہونے والی فٹنس ایپلی کیشنز میں سے ایک ہے۔ اس کی وجہ ہے کہ یہ کیلوریز، ورزش، وزن اور دیگر چیزوں پر نظر رکھنے والا آل-اِن-ون ٹول ہے۔ جو پہلو اسے مزید بہتر بناتا ہے وہ ہے تھرڈ پارٹی ایپس اور فٹنس آلات کو ایپ میں شامل کرنے کی صلاحیت۔ اب دیگر سروسز سے خود ڈیٹا شامل کرنے کی ضرورت نہیں، یہ ایپ خود کار طور پر sync کرتی ہے۔ مائی فٹنس پال پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے البتہ اس کے پریمیئم فیچرز استعمال کرنے ہیں تو آپ کو ماہانہ 10 ڈالرز یا سالانہ 50 ڈالرز خرچ کرنا پڑیں گے۔


Strava

اسٹراوا خاص طور پر ان کے لیے جو اپنی چہل قدمی، دوڑ اور سائیکلنگ کو جی پی ایس کے ذریعے ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ اپنے کمیونٹی فیچرز کی وجہ سے بھی صارفین میں معروف ہے جس کی بدولت استعمال کرنے والے اپنی ورزش اور راستوں کو سوشل میڈیا پر دوستوں اور اسٹراوا ایپ کے اندر بھی شیئر کر سکتے ہیں۔ پھر اس کی اینڈرائیڈ ویئر ایپلی کیشن بھی ہے یعنی آپ اپنا اسمارٹ فون ساتھ نہ بھی لائیں تو ورزش ٹریک ہو جائے گی۔ اسٹراوا کو پلے اسٹور سے مفت ڈاؤنلوڈ کیا جا سکتا ہے۔ البتہ اس میں بھی پریمیئم فیچرز ہیں جن کے ساتھ یہ 8 ڈالرز ماہانہ اور 60 ڈالرز سالانہ میں دستیاب ہے۔


Runtastic

رنٹاسٹک بالکل اسٹراوا جیسا ہی ہے جو آپ کی چہل قدمی، دوڑ اور سائیکلنگ کو ٹریک کرتا ہے اور آپ کواپنے راستے دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع دیتا ہے۔ گو کہ اس کی اینڈرائیڈ ویئر ایپلی کیشنز بھی اچھی ہے، لیکن اسے جو چیز جدا کرتی ہے وہ مختلف میوزک ایپلی کیشنز کی شمولیت، جو صارف کو اپنی ورزش کے دوران موسیقی سننے کا موقع دیتی ہے۔ رنٹاسٹک کو مفت ڈاؤنلوڈ کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کے پریمیئم فیچرز 3 سے 5 ڈالرز ماہانہ پر دستیاب ہیں۔


Yoga Studio

اگر آپ سست اور آرام دہ فٹنس پروگرام پر عمل کر رہے ہیں تو آپ کو یوگا اسٹوڈیو کا رخ کرنا چاہیے جو پلے اسٹور پر موجود بہترین یوگا ایپس میں سے ایک ہے۔ گو کہ یہ کچھ مہنگی ہے، البتہ اس میں ایپ کے اندر کچھ نہیں خریدنا پڑتا اورساتھ ہی 65 وڈیوز ہیں جو آپ کو مختلف انداز کے بارے میں بتاتی ہیں۔ یوگا اسٹوڈیو کی قیمت 20 ڈالرز ہے۔


Google Fit

گوگل فٹ بنیادی نوعیت کی ایپ ہے لیکن اس میں کئی کارآمد فیچرز ہیں۔ آپ اپنے لیے اہداف مقر رکر سکتے ہیں، اپنے اسمارٹ فون کو اپنی سرگرمیاں ٹریک کرنے کے لیےاستعمال کر سکتے ہیں اور اینڈرائیڈ ویئر اسمارٹ واچ کے ساتھ مکمل طور پر شامل کر سکتے ہیں۔ گو کہ اس میں دیگر ایپس کی طرح اسمارٹ اینالسس فیچرز نہیں ہیں لیکن ابتداء کے لیے یہ بہت مناسب ایپ ہے۔ اسے پلے اسٹور سے مفت ڈاؤنلوڈ کیا جا سکتا ہے۔