گلیکسی ایس10 میں ٹرپل کیمرا اور 3ڈی سینسر؟

2,993

گو کہ سام سنگ نے اب تک 2019ء کے لیے اپنے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس10 کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن امکان ہے کہ اس فون کی پشت پر ٹرپل کیمرا سیٹ اپ ہوگا۔ کوریا کے مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سام سنگ گلیکسی ایس 9 کے مایوس کن نتائج کی وجہ سے اپنے اسمارٹ فون کاروبار کو نئی زندگی دینے کی خاطر یہ قدم اٹھائے گا۔

یہی نہیں بلکہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ گلیکسی ایس10 سام سنگ کا پہلا فون ہوگا جس میں 3ڈی سینسر ہوگا۔ یہ ڈیوائس کی آگمینٹڈ ریالٹی صلاحیتوں میں مدد دے سکتا ہے۔

سام سنگ اگلے سال فروری سے پہلے ایس10 جاری نہیں کرے گا یعنی ابھی کافی وقت پڑا ہے۔ گو کہ ان خبروں کو محض افواہ ہی سمجھنا چاہیے لیکن ٹرپل کیمرا گلیکسی ایس10 کے لیے ایک خاصے کی چیز ہوگی۔

تیسرا کیمرا اس فون کو گزشتہ گلیکسی ایس ڈیوائسز سے ایک جداگانہ حیثیت دے گا۔ اس وقت اسمارٹ فون مارکیٹ میں مقابلہ بہت سخت ہے اور یہی وجہ ہے کہ گلیکسی ایس9 کی طلب توقعات سے کہیں کم ہے لیکن ٹرپل کیمرا، اور ممکنہ طور پر اسکرین کے اندر فنگر پرنٹ سینسر، اس آنے والے ڈیوائس کی طلب کو بڑھا سکتا ہے۔

سام سنگ واحد کمپنی نہیں ہے جو ٹرپل کیمرے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ایسا پہلا فون ہواوی پی20 پرو تھا جو رواں سال کے اوائل میں جاری ہو چکا ہے۔ بلکہ اس وقت تو یہ بھی افواہیں ہیں کہ ایپل اپنے اگلے آئی فون ٹین پلس میں ٹرپل کیمرا لائے گا۔ یعنی پوری صنعت ہی اس سمت رخ کر رہی ہے۔