گلیکسی ایس10 میں ہوگی وہ خوبی جو آئی فون X میں نہيں

1,303

سام سنگ کا اگلا فلیگ شپ فون ہوگا گلیکسی نوٹ 9، لیکن اس وقت جس فون کے بارے میں سب سے زیادہ بات چل رہی ہے وہ ہے گلیکسی ایس10۔ جنوبی کوریا سے ایک خبر آئی ہے کہ گلیکسی ایس10 فون اگلے سال کی ابتدائی ششماہی میں جاری ہوگا اور عین ممکن ہے کہ جنوری میں ہی ہو جائے۔ یہ فون اس لیے سب کی نگاہوں میں ہے کیونکہ نئے فیچرز کے لحاظ سے ایس10 موجودہ ایس9 سے زیادہ دلچسپ ہوگا۔ اس وقت انٹرنیٹ پر ایس10 کے حوالے سے کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ جن کے مطابق سام سنگ اس فون سے آنکھ کی پتلی اسکین کرنے کا فیچر نکالنے پر غور کر رہا ہے، جس کے بجائے ڈسپلے کے اندر فنگر پرنٹ اسکینر لگایا جائے گا۔ یعنی ایک ایسا فیچر جو اب تک آئی فون میں نہیں ہے۔

سام سنگ سالوں سے اپنے ایس اور نوٹ سیریز کے فونز میں یہ فیچر شامل کرنے پر غور کر رہا تھا لیکن محض اس لیے اس ٹیکنالوجی کو اختیار نہیں کیا کیونکہ وہ بڑے پیمانے پر پیش کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔ لیکن اس سال ہم متعدد ایسے فونز دیکھ چکے ہیں جن کی اسکرین میں فنگر پرنٹ اسکینر کو بخوبی نصب کیا گیا ہے اور سام سنگ نے اپنے ایس10 کے لیے اس ٹیکنالوجی کو بہترین بنا دیا ہے۔ لیکن یاد رہے کہ اگست میں آنے والے نوٹ 9 میں یہ خصوصیت نہیں ہوگی۔

معلوم ہوا ہے کہ سام سنگ نے گلیکسی ایس10 کے لیے آنکھ کی پتلی اسکین کرنے والے پرزوں کا آرڈر نہیں دیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس10 میں سامنے کے رخ پر ایک 3ڈی کیمرا سیٹ اپ بھی ہوگا جو صارفین کو فیس آئی ڈی جیسے تصدیق کے طریقوں میں کام آئے گا اور ساتھ ہی AR ایموجی کو بھی بہتر بنائے گا۔

اگر سام سنگ ڈسپلے کے اندر فنگر پرنٹ اسکینر اور 3ڈی فیشل ریکگنیشن کی ٹیکنالوجی پر بروقت کام مکمل نہ کر پایا تو ممکن ہے کہ اسے واپس آنکھ کی اسکیننگ کی ٹیکنالوجی پر جانا پڑے۔ گلیکسی ایس10 کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ جنوری میں بھی ریلیز کیا جا سکتا ہے۔ دیکھتے ہیں اس میں کیا کچھ آتا ہے۔