گلیکسی ایس9 کے بجائے ایل جی جی7 کیوں خریدیں؟

2,422

اگر آپ اینڈرائیڈ فون خریدنا چاہتے ہیں تو یقین جانیں یہ آسان نہیں۔ ایپل کے آئی فون کے مقابلے میں یہاں فونز کی اتنی بڑی تعداد موجود ہے کہ کسی ایک کا انتخاب کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے لیکن اس وقت دو ایسے فونز ضرور مارکیٹ میں موجود ہیں جنہیں اس وقت مارکیٹ میں بہترین سمجھا جا سکتا ہے، ایک ہے سام سنگ کا گلیکسی ایس9 اور دوسرا ہے ایل جی جی7 "تھنک” (ThinQ)۔

ہو سکتا ہے آپ کی نظر انتخاب گلیکسی ایس9 پر پڑے لیکن کم از کم چار ایسی وجوہات ضرور ہیں کہ جن کی بنیاد پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ آپ کو ایل جی جی7 کا انتخاب کرنا چاہیے۔ وہ الگ بات کہ یہ فون کافی حد تک ملتے جلتے ہیں جیسا کہ دونوں میں کویلکوم کا اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر ہے اور وائرلیس چارجنگ اور پانی سے حفاظت کی سہولیات بھی رکھتے ہیں۔ کچھ پہلوؤں سے ایس9 ایل جی جی7 سے بہتر ہے لیکن پھر بھی چار وجوہات ایسی ہیں جن کی وجہ سے ہم سمجھتے ہیں کہ آپ کو جی7 کا انتخاب کرنا چاہیے:

1۔ اگر ہم اسکرین اور قیمت کا تناسب دیکھیں تو ایل جی جی7 سب سے بڑی اسکرین کا حامل فون ہے جو 750 ڈالرز کا آتا ہے۔ اس کی 6.1 انچ کی اسکرین کے مقابلے میں گلیکسی ایس9 میں 5.8 انچ کا ڈسپلے ہے جبکہ قیمت 720 ڈالرز ہے۔ پھر ایل جی جی7 کا ڈسپلے گلیکسی ایس9 پلس کی 6.2 انچ کی اسکرین سے بس کچھ ہی چھوٹا ہے کہ جس کی قیمت 840 ڈالرز ہے یعنی جی7 سے 90 ڈالرز زیادہ۔

2۔ آئی فون ٹین اسٹائل کی notch ایل جی جی7 میں ہے جو بہت سے لوگوں کو اچھی نہيں لگتی لیکن حقیقت یہ ہے کہ آئی فون سے زیادہ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کے لیے زیادہ موزوں چیز ہے۔ کیونکہ notch اینڈرائیڈ نوٹیفکیشنز کے لیے بہترین جگہ ہے۔ جب آپ اینڈرائیڈ نوٹیفکیشنز کو notch میں لے جاتے ہیں تو ہوم اسکرین، ایپس اور دیگر کاموں کے لیے اسکرین پر زیادہ جگہ بن جاتی ہے۔ اگر آپ کو یہ پسند نہیں تو آپ notch افیکٹ کو ختم بھی کر سکتے ہیں۔ اس سے نوٹیفکیشن بار ویسے ہی نظر آئے گی جیسے روایتی اینڈرائیڈ فونز پر آتی ہے۔

3۔ ایل جی جی7 میں دیگر اسمارٹ فونز کے مقابلے میں آواز ہمیشہ بہتر ہوتی ہے، چاہے آپ تار والے ہیڈفون استعمال کریں یا وائرلیس۔ بلوٹوتھ آڈیو کے لیے جی7 میں aptX HD اسٹینڈرڈ رکھا گیا ہے جو گلیکسی ایس9 کے aptXکے مقابلے میں زیادہ بہتر معیار کا آڈیو پیش کرتا ہے۔

4۔ ایل جی جی7 اور گلیکسی ایس9 کے سیکنڈری کیمرے مختلف کام کر سکتے ہیں، اب آپ پر منحصر ہے کہ آپ کس کا انتخاب کرتے ہیں۔ جی7 کا سیکنڈری کیمرا الٹرا-وائیڈ اینگل شاٹس لے سکتا ہے جس میں آپ اسمارٹ فون کے عام کیمروں کے مقابلے میں زیادہ چوڑی تصویر لے سکتے ہیں۔ الٹرا-وائیڈ لینس کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ آپ کو فش-آئی لینس کا افیکٹ نظر آئے لیکن اس کے باوجود تصویر جاندار نظر آتی ہے۔