گلیکسی ایس9 کی رونمائی اگلے مہینے

1,179

سام سنگ اپنا اگلا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس9 اگلے مہینے موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) میں پیش کرے گا۔ ادارے کے سربراہ برائے شعبہ اسمارٹ فون، ڈی جے کوہ نے اس امر کی تصدیق گزشتہ روز لاس ویگاس میں جاری کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) میں کی۔ انہوں نے کسی مخصوص تاریخ کا اعلان تو نہیں کیا لیکن یہ سب جانتے ہیں کہ ایم ڈبلیو سی 26 فروری سے یکم مارچ تک جاری رہے گی، اس لیے گلیکسی ایس9 کی رونمائی بھی انہی میں سے کسی ایک تاریخ پر ہوگی۔

ایس9 اور ممکنہ طور پر ایس 9 پلس بھی، سام سنگ کے ایس8 اور ایس8 پلس کے جانشیں ہوں گے، جو گزشتہ سال مارچ میں نیو یارک میں سام سنگ کی خصوصی تقریب میں پیش کیے گئے تھے اور اگلے ہی ماہ یعنی اپریل سے فروخت کے لیے پیش ہوئے۔ ایس8 اور اس کے "بڑے بھائی” نے صارفین اور ماہرین دونوں کی زبردست داد وصول کی تھی بالخصوص شاندار ڈیزائن اور جاندار کیمرے نے۔ یہ اتنے زبردست فونز تھے کہ لوگ گلیکسی نوٹ 7 اور اس کی پھٹتی ہوئی بیٹریوں کے ہنگامے کو بھول گئے۔

ویسے ابھی تک ایس9 کے بارے میں زیادہ معلومات ظاہر نہیں کی گئیں لیکن پتہ چلا ہے کہ ایس8 کے مقابلے میں کوئی بڑی انقلابی تبدیلی نہیں ہوگی بلکہ اب تک جتنی خبریں منظر عام پر آئی ہیں، اس میں یہ لگ بھگ ایس8 ہی کے برابر دکھائی دیتا ہے۔ ہاں! فنگر پرنٹ سینسر ضرور کیمرے کے نیچے کردیا گیا ہے، شکر ہے!

سام سنگ کے پرستاروں کے لیے رواں سال محض ایس9 اور ایس9 پلس ہی نہیں، بلکہ وہ کمپنی کے فولڈیبل فون کے بھی منتظر ہیں۔ ابھی تک یہ واضح تو نہیں کہ اس دور میں "فولڈیبل” کا مطلب کیا ہوگا، کہیں ایسا فون تو نہیں آ رہا جس کی اسکرین موڑ کر رکھی جائے؟ دیکھتے ہیں۔