گھر کی بجلی پر نظر رکھیں، اس ایپ کے ذریعے

2,394

ٹیکنالوجی کی دوڑ ہو یا اس کا استعمال، پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک پیچھے ہی رہتے ہیں۔ ملک میں ایک بہتر ڈجیٹل ماحول تشکیل دینے کے لیے پاکستان جیسے ملکوں کو ابھی بہت کچھ کرنا ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ نجی کے بعد سرکاری سطح پر بھی ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے عوام کو ڈجیٹل دور کی سہولیات مل رہی ہیں۔ بجلی کے شعبے میں بھی ایک ایسی ہی پیشرفت ہوئی ہے جسے عوام کے لیے ایک بڑا سنگ میل کہا جا سکتا ہے۔

پاکستان کی وزارت بجلی نے ایک ایسی موبائل ایپ جاری کی ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے بجلی کے بل اور علاقے میں بجلی کی فراہمی کی صورت حال کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔

"روشن پاکستان” نامی یہ ایپ فی الحال صرف اینڈرائیڈ فونز کے لیے دستیاب ہے، جسے ڈاؤنلوڈ اور انسٹال کرکے صارفین بجلی کے استعمالی، فراہمی اور بلنگ کے بارے میں آگاہ رہ سکتے ہیں۔ آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کا ممکنہ بجلی کا بل کتنا ہوگا کیونکہ اس ایپ میں اس کا حساب لگانے کا پورا نظام موجود ہے۔

ایپ کا افتتاح وفاقی وزیر اویس احمد لغاری نے کی، جن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے 4 سال بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور پیداوار کے نئے ذرائع پیدا کرنے میں صرف ہوئے اور رواں سال خدمات کو بہتر بنانے کو ترجیحات میں شامل کیا ۔

روشن پاکستان ایپ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے ۔ اس کی چار بنیادی خصوصیات ہیں: ایک لوڈشیڈنگ کا شیڈول، بلنگ کی معلومات، نیٹ میٹرنگ اور بل کیلکولیٹر۔ ایپ میں صارفین طے شدہ لوڈ شیڈنگ شیڈول بھی دیکھ سکتے ہیں اور حقیقی لوڈ شیڈنگ سے موازنہ بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین صرف ریفرنس نمبر شامل کرکے اپنے متعلقہ فیڈر پر نیٹ میٹرنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ یہ معلومات عوام تک براہ راست پہنچا کر دراصل ادارے کو زیادہ شفاف بنایا جا رہا ہے اور یہ عوام کو براہ راست جواب دہ بھی ہوگا۔

ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔