جی میل آئے گا نئے ڈیزائن کے ساتھ

900

گوگل نے آج اپنے ‘جی سوٹ’ صارفین کو بتایا ہے کہ جی میل کا ایک نیا ورژن راستے میں ہے۔ گو کہ بذریعہ ای میل دی گئی یہ اطلاع محض صارفین کے لیے تھی لیکن یہ خبر بہت تیزی سے باہر پھیلی ہے یہاں تک کہ گوگل نے بھی تصدیق کردی ہے کہ وہ جی میل کو ری ڈیزائن کر رہا ہے۔

نئے ڈیزائن کی چند خصوصیات نمایاں ہوں گی جیسا کہ ویب پر جی میل کا ایک تازہ اور شفاف انداز، جی میل کے اندر رہتے ہوئے جی سوٹ کی ایپس تک آسان رسائی جیسا کہ گوگل کیلنڈر تک۔ پھر ویب پر موبائل ہی کی طرح ‘اسمارٹ رپلائی’ کی سہولت بھی آ گئی ہے۔ علاوہ ازیں ای میلز کو "اسنوز” کرنے کی صلاحیت بھی آئے گی جس میں صارف کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ ان ای میلز کو ان باکس میں بعد میں کسی وقت ظاہر کرے۔ آخر میں آف لائن سپورٹ کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ یہ خصوصیات ارلی ایڈاپٹر پروگرام (EAP) کے حصے کے طور پر پہلے جی سوٹ صارفین کو پیش کی جائیں گی لیکن بعد میں یہ ذاتی جی میل اکاؤنٹس پر بھی دستیاب ہوں گی۔

جی میل میں آف لائن سپورٹ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ سہولت جون 2018ء تک دستیاب ہوگی۔ جی میل کے ری ڈیزائن کی خبریں بھی نئی نہیں بلکہ ایک سال سے ایسی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔

اب تک یہ واضح نہیں کہ یہ جی میل کا نیا ڈیزائن کب تک دستیاب ہوگا لیکن یہ اگلے مہینے ہونے والی گوگل I/O سے قبل بھی ہو سکتا ہے۔