گوگل اسسٹنٹ اب ہندی زبان بھی سمجھے گا

1,243

گوگل نے رواں سال کے اوائل میں اپنے "گوگل اسسٹنٹ” کے لیے ہندی سپورٹ کا اعلان کیا تھا لیکن تب سے یہ محض چند سوالات تک محدود تھا۔ آج اس میں وہ تبدیلی کردی گئی ہے جس کا سب کو انتظار تھا۔ اب ہندی بولنے والے صارفین کے لیے مکمل اسسٹنٹ پیش کردیا گیا ہے جو ان تمام فونز کے لیے دستیاب ہے اینڈرائیڈ مارش میلو یا اس سے اوپر کے ورژن استعمال کر رہے ہیں۔ جلد ہی اسے اینڈرائیڈ لالی پوپ اور اینڈرائیڈ گو فونز کے لیے بھی پیش کردیا جائے گا۔

گوگل اسسٹنٹ کے ذریعے آپ ہندی میں بھی سب کچھ کر سکتے ہیں جو انگریزی زبان کے اسسٹنٹ کے ساتھ کیا کرتے ہیں جیسا کہ قریبی ریسٹورنٹ کا راستہ معلوم کرنا ہو یا دلچسپ مقامات کے بارے میں جاننا، تازہ ترین اسکور معلوم کرنا، الارم سیٹ کرنا یا پھر کلینڈر میں اپنے اندراجات کو دیکھنا۔ بس فرق اتنا ہوگا کہ آپ یہ سوالات انگریزی کے بجائے ہندی میں کریں گے۔ اسسٹنٹ نہ صرف اسے سمجھے گا بلکہ ہندی میں جواب بھی دے گا۔

گوگل اسسٹنٹ کے ٹیکنیکل پروگرام مینیجر پوروی شاہ کا کہنا ہے کہ گوگل اسسٹنٹ ایک حقیقی ہندوستانی ہے، یہ آپ کا مددگار دوست ہے جو آپ کی زبان بولتا ہے اور ان چیزوں کا خیال رکھتا ہے جن کو آپ اہمیت دیتے ہیں، بریانی پکانے کے طریقوں سے لے کر تازہ ترین کرکٹ اسکور تک، یا پھر قریبی ترین اے ٹی ایم کا راستہ ڈھونڈنے تک یہ ہر جگہ مدد دے گا۔

اگر آپ ہندی گوگل اسسٹنٹ کا تجربہ اٹھانا چاہتے ہیں تو یہ سوالات کرکے دیکھیے:

  • سب سے قریبی ریسٹورنٹ کہاں ہے؟
  • ڈاڈر تک پہنچنے میں کتنا سمے لگے گا؟
  • کرکٹ کا اسکور کیا ہے؟
  • کل صبح مجھے سات بجے جگاؤ
  • سیلفی کھینچو
  • ڈیڈی کو ایس ایم ایس بھیجو ” منٹس میں پہنچیں گے”۔