گوگل کروم کا ورژن 66 جاری

2,708

گوگل نے آج ونڈوز، میک، لینکس، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس سب کے لیے اپنے ویب براؤزر کروم کا ورژن 66 جاری کردیا ہے۔ ڈیسک ٹاپ کے لیے جاری کردہ نیا اپڈیٹڈ براؤزر اب خودکار طور پر چلنے والی وڈیوز کی آواز بند کر سکتا ہے، یہ زیادہ محفوظ ہے اور ڈیولپرز کے لیے بھی کافی خصوصیات رکھتا ہے۔ آپ براؤزر کے بلٹ-اِن اپڈیٹر سے اپنے کروم کو اپڈیٹ بھی کر سکتے ہیں یا براہ راست ڈاؤنلوڈ بھی کر سکتے ہیں۔

1 ارب سے زیادہ صارفین رکھنے والا کروم ایک براؤزر ہونے کے ساتھ ساتھ ویب ڈیولپرز کے لیے ایک بڑا اور اہم پلیٹ فارم بھی ہے۔ اس تازہ ریلیز میں سب سے بڑی بہتری تو یہی ہے کہ اب کروم پر کوئی بھی آٹو پلے وڈیو آواز کے ساتھ نہیں چل سکے گی۔ البتہ یہ قدم کافی دیر سے اٹھایا گیا ہے حالانکہ اسے جنوری میں جاری ہونے والے کروم 64 میں ہونا چاہیے تھا۔ بہرحال، دیر آید، درست آید! ویسے کروم 64 میں سہولت موجود تھی کہ آپ کسی مخصوص سائٹ پر ہمیشہ کے لیے آڈیو بند کر سکیں۔

نئے اپڈیٹڈ کروم کو استعمال کرتے ہوئے پایا گیا کہ جس کونٹینٹ کی آواز پہلے سے ہی بند تھی وہ خودکار طور پر چل پڑا جبکہ آواز کے ساتھ والی وڈیو، چاہے اس میں ظاہری کنٹرولز ہوں یا نہ ہوں، دونوں صورتوں میں چلتی ہی نہیں۔ یوٹیوب پر نتائج ملے جلے ہیں، کبھی کبھار تو ایسا ہوتا ہے کہ وڈیو خود بخود چل پڑتی ہے اور ایسا بھی ہوا ہے کہ وڈیو نہیں چلی۔ ویسے کسی بھی وڈیو سائٹ پر تو کونٹینٹ کو خود بخود چلنا چاہیے۔

گوگل ہر چھ ہفتے میں براؤزر کا نیا ورژن جاری کرتا ہے یعنی کروم 67 مئی کے آخر میں جاری ہو سکتا ہے۔