گوگل کروم نے تمام غیر محفوظ ویب سائٹس کو نشان زد کرنا شروع کردیا

2,988

گوگل کافی عرصے سے ویب سائٹ مالکان پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹس پر ایس ایس ایل سرٹیفکیٹ نصب کریں تاکہ صارفین اور ویب سائٹ کے درمیان ہونے والے ڈیٹا ٹرانسفر کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس سلسلے میں گوگل نے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ مثلاً سرچ رزلٹس میں ایسی ویب سائٹس کو فوقیت دی جاتی ہے جو http کے بجائے https استعمال کرتی ہیں۔

اب گوگل کروم کے ورژن 68 کے اجراء کے بعد گوگل کروم ہر اس ویب سائٹ کے ساتھ "غیر محفوظ” لکھنا شروع ہوگیا جن پر SSL سرٹی فکیٹ انسٹال نہیں۔ گوگل نے یہ قدم اچانک ہی نہیں اٹھایا بلکہ اس کی اطلاع اسی سال فروری میں کردی گئی تھی تاکہ غیر محفوظ پروٹوکول پر چلنے والی ویب سائٹس محفوظ پروٹوکول پر منتقل ہوسکیں۔

google-chrome-insecure

SSL سرٹیفکیٹ مفت اور قیمتا ً دونوں دستیاب ہیں۔ اگر آپ کسی ویب سائٹ کے مالک ہیں اور آپ کی ہوسٹنگ کمپنی آپ کو مفت ایس ایس ایل کی سہولت فراہم نہیں کررہے تو آپ CloudFlare کے ذریعے اپنی ویب سائٹ کو محفوظ بنا کر گوگل کروم کے اعتاب سے بچ سکتے ہیں۔ اس وقت صارفین کی ایک بڑی تعداد گوگل کروم استعما ل کرتی ہے اس لیے آپ نہیں چاہیں گے کہ آپ کے صارفین غیر محفوظ پروٹوکول کے استعمال کی وجہ سے آپ کی ویب سائٹ سے خائف ہوجائیں۔