گوگل کروم کاسٹ اور ایپل ٹی وی کی ایمازان پر واپسی

538

ایمازان نے ایپل ٹی وی Apple TV پر اپنی ایمازان پرائم ویڈیو Amazon Prime Video سروس جاری کردی ہے اور ساتھ ہی ایپل ٹی وی کی فروخت بھی دوبارہ سے شروع کردی ہے، مزید برآں ایمازان کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی گوگل کروم کاسٹ Google Chromecast بھی اپنی ویب سائٹ پر فروخت کے لیے پیش کرے گا۔

یہ دونوں ڈیوائسز 2015 میں ایمازان کے سٹور سے ہٹا لی گئیں تھیں، ایمازان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیوائسز اپنے سٹورز پر اس کی ایمازان پرائم ویڈیو کو سپورٹ نہیں کرتیں تاہم گزشتہ ماہ ایپل کی طرف سے ایمازان کی سروس کو ایپل ٹی وی پر سپورٹ کرنے کے بعد یہ سب کچھ بدل گیا ہے۔

گوگل اور ایمازان کے تعلقات بھی اس وقت خراب ہوگئے تھے جب گوگل نے ایمازان ایکو شو Amazon Echo Show کی یوٹیوب تک رسائی روک دی تھی اور اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے ماہ ایمازان فائر ٹی وی Amazon Fire TV میں سے یوٹیوب کو ہٹا لے گا۔

ہوسکتا ہے کہ گوگل کروم کاسٹ کی فروخت دوبارہ شروع کر کے ایمازان گوگل سے تعلقات بہتر کرنے کا خواہاں ہو، بہرحال دونوں ڈیوائسز ایمازان سٹور پر دستیاب ہوں گی۔