گوگل ڈرائیو کے اسٹوریج پلانز اب بن گئے گوگل ون!

929

گوگل ڈرائیو کا صارفین کے لیے پیش کردہ ورژن اب نئی شکل و صورت، نئے نام، نئے فوائد اور اضافی ڈیٹا اسٹوریج کم قیمت پر پیش کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

اگلے چند ماہ میں امریکا سے شروع ہونے والے گوگل ڈرائیور اسٹوریج پلانز "گوگل ون” کہلائیں گے۔ یہ اپڈیٹ گوگل کی جانب سے صارفین کے لیے پیش کردہ اسٹوریج پلانز کو ڈراپ باکس اور مائیکروسافٹ کے ون ڈرائیو کے مقابلے میں زیادہ مسابقتی قیمت دیتا ہے۔

گوگل ون کے لیے قیمت 1 اعشاریہ 99 ڈالرز میں 100 جی بی سے شروع ہوتی ہے۔ پھر 2 اعشاریہ 99 ڈالرز میں 200 جی بی اور 9 اعشاریہ 99 جی بی ماہانہ میں 2 ٹیرابائٹس تک جاتی ہے۔ موجودہ گوگل ڈرائیو پلان جو 9 اعشاریہ 99 ڈالرز میں 1 ٹیرابائٹ ہے، بغیر کسی اضافی قیمت کے 2 ٹیرابائٹس تک اپگریڈ کردیا جائے گا۔

گوگل ون ماہانہ 30 ٹیرابائٹس تک کے پیکیجز دے گا اور 2 ٹیرابائٹس سے زیادہ تمام پلانز کی قیمت یکساں ہوگی۔ 30 ٹیرابائٹس 299 اعشاریہ 99 ڈالرز ماہانہ کا ہوگا۔

نئی قیمتوں کے ساتھ ساتھ گوگل ون سے فیملی پلانز بھی خریدے جا سکتے ہیں۔ صارفین ایک بل کے تحت اہل خانہ کے پانچ افراد کو شامل کر سکتے ہیں، جس میں سے ہر ایک کو اپنی پرائیوٹ اسٹوریج اسپیس ملے گی۔