گوگل ارتھ میں فاصلاتی پیمائش کی سہولت متعارف کروا دی گئی

1,692

گوگل ارتھ کو صارفین زمین کے سیٹلائیٹ مناظر دیکھنے اور نئی جگہوں کے بارے میں جاننے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ لیکن اب گوگل کی جانب سے اینڈروئیڈ اور کروم پر چلنے والی گوگل ارتھ میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کی مدد سے صارفین ایک جگہ سے دوسری جگہ تک کا فاصلہ بھی جان سکتے ہیں۔

ہو سکتا ہے آپ کے لیے یہ اتنی حیران کن خبر نا ہو۔ لیکن گوگل ارتھ کو استعمال کرنے والے صارفین کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا۔ جسے گوگل نے تسلیم کر لیا ہے۔ اس فیچر کو Measure Tool کا نام دیا گیا ہے۔

گوگل کے آفیشل بلاگ پر کیے گئے اعلان میں اس فیچر کی مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا البتہ کچھ اسکرین شاٹس شئیر کیے گئے ہیں۔ جن کا عمیق جائزہ لینے پر معلوم ہوتا ہے کہ اس فیچر کی مدد سے نا صرف دو مقامات کے درمیان فاصلے کی پیمائش کی جا سکتی ہے بلکہ ان کے درمیان مختلف پوائنٹس کی نشاندھی کر کے پیری میٹر اور احاطہ بھی معلوم کیا جا سکتا ہے۔

یہ فیچر گوگل ارتھ کے کروم ورژن پر آج سے ہی دستیاب ہے۔ جبکہ اینڈروئیڈ ورژن کے لیے اگلے ایک ہفتہ کے دوران دستیاب ہو گا۔ آئی او ایس صارفین کو فی الحال اس فیچر کے لیے انتظار کرنا پڑے گا۔