گوگل کی کیلکولیٹر ایپ کے 100 ملین ڈاؤنلوڈز

1,798

چاہے گوگل سروسز انسٹال نہ بھی ہوں تو ہر اینڈرائیڈ ڈیوائس میں کچھ بنیادی ایپلی کیشنز موجود ہوتی ہیں جن میں سے ایک کیلکولیٹر ایپ بھی ہے۔ ہر صارف کی ایپ کچھ مختلف ضرور ہوتی ہے، لیکن جو ہماری پہلی ترجیح ہے وہ ہے گوگل کا کیلکولیٹر اور اس کی وجہ ہے اس کا سادہ ڈیزائن۔ شاید ہماری طرح بہت سے لوگ بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ کروڑوں مرتبہ ڈاؤنلوڈ ہو چکی ہے۔

گوگل کی کیلکولیٹر ایپ نے پلے اسٹور پر 100 ملین ڈاؤنلوڈز کا سنگ میل عبور کرلیا ہے، جو کسی بھی ایپ کے لیے ایک بڑی بات ہوتی ہے۔ بلاشبہ اس میں ایک بڑی تعداد گوگل کی اپنی ڈیوائسز کی بھی ہے، ساتھ ہی دیگر فونز کی بھی جس میں پہلے سے موجود ہوتی ہے جیسا کہ موٹورولا کے فونز میں۔ البتہ گوگل کیلکولیٹر کسی بھی اینڈرائیڈ فون کے لیے ڈاؤنلوڈ بھی کیا جا سکتا ہے، تو یہ بات بالکل واضح ہے کہ کافی لوگوں نے اسے آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

گوگل کی کیلکولیٹر ایپ میں جمع، تفریق، ضرب، تقسیم کے ساتھ ساتھ بنیادی ٹرگنومیٹرک اور لوگیرتھمک فنکشنز بھی شامل ہے۔ یہ سب کچھ انتہائی سادہ ڈیزائن میں ہے۔