گوگل نے ایچ ٹی سی کا بڑا حصہ خرید لیا

1,444

پچھلے سال یہ افواہیں اڑی تھیں کہ گوگل مسائل سے دوچار اسمارٹ فون ادارے ایچ ٹی سی (HTC) کو خرید لے گا۔ اب بالآخر اس سودے کا اعلان ہو گیا ہے لیکن ذرا محدود پیمانے پر۔ گوگل نے ایچ ٹی سی کی ڈیزائن ٹیم ایک ارب ڈالرز میں خرید لی ہے اور آج سودے کی تکمیل کا اعلان بھی کردیا ہے۔

گوگل کہتا ہے کہ وہ معاہدے کے تحت وہ 2 ہزار انجینیئر، ڈیوائنرز اور سپورٹ اسٹاف پائے گا۔ ان ملازمین کو گوگل میں منتقل ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ گوگل پہلے ہی تائیوان میں وسیع آپریشنز رکھتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت ایچ ٹی سی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا بیشتر حصہ کھو دے گا۔

یہ قدم گوگل کی ہارڈویئر کوششوں میں ایک بڑا قدم ہوگا۔ پکسل فونز کی پہلی جنریشن کو ایچ ٹی سی نے ڈیزائن کیا تھا۔ دوسری جنریشن میں بھی ایچ ٹی سی شامل تھا البتہ اس مرتبہ ایل جی اس کے ساتھ تھا۔

اب گوگل اسمارٹ فون صنعت میں ایک بڑا نام بن سکتا ہے۔ گو کہ پکسل فونز اتنے بڑے پیمانے پر فروخت نہیں ہوئے کہ تہلکہ مچا دیں لیکن ایچ ٹی سی کی یہ آر اینڈ ڈی ٹیم اور گوگل کے وسائل ناقابل یقین نتائج فراہم کر سکتے ہیں۔ گوگل اگلے پانچ سالوں میں فونز کے میدان میں قدم جمانا چاہتا ہے اور یہ قدم اس سمت میں اہم شمار ہوگا۔

دوسری جانب ایچ ٹی سی کو 1.1 ارب ڈالرز کی رقم تو ملی ہے، لیکن کئی سالوں سے ادارے نے کوئی منافع بخش سہ ماہی نہیں دیکھی اور اب اپنی ڈیزائن ٹیم فروخت کرنا مسائل کو حل کرنے کے بجائے بڑھائے گا۔