گوگل اسمارٹ اسپیکر لائے گا، وہ بھی اسکرین کے ساتھ

715

گوگل نے آواز کی مدد سے چلنے والے آلات کے میدان میں قدم جمانے کے لیے ایک ایسا اسمارٹ اسسٹنٹ پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس میں وڈیو اسکرین بھی شامل ہوگی۔

انٹرنیٹ سرچ میں دنیا کے معروف ترین ادارے نے اعلان کیا ہے کہ وہ سونی اور ایل جی سمیت مختلف ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایسے اسمارٹ اسپیکرز پر کام کر رہا ہے جو ٹچ اسکرین رکھتے ہوں۔ یوں وہ گوگل ایمیزن کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرے گا کہ جس کے وائس اسسٹنٹ موسیقی چلانے یا سوالات کے جواب دینے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں اور یوں گوگل کے بنیادی کاروبار کے لیے خطرہ بن رہے ہیں کیونکہ صارفین اب سرچ انجنز کا رخ کرنے کے بجائے بہت تیزی سے اسمارٹ اسپیکرز کا انتخاب کر رہے ہیں۔ ایمیزن نے گزشتہ سال ‘ایکو شو’ جاری کیا تھا جو اسپیکر مع اسکرین تھا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ وڈیو اسمارٹ اسپیکرز کے لیے سونی، ایل جی، لینوو اور جے بی ایل نے رضامندی ظاہر کی ہے، جس میں اسکرین گوگل میپس دیکھنے، وڈیو کال کرنے یا کھانوں کی تراکیب کے لیے استعمال ہوگی۔

اسمارٹ اسپیکرز وہ شعبہ ہے جس نے رواں سال کنزیومر الیکٹرونکس شو، لاس ویگاس میں دنیا کو اپنا دیوانہ بنایا ہے اور اس وقت کئی بڑے اداروں اس میدان میں ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہیں۔ ایپل بھی یہاں موجود ہے جس کا ہوم پوڈ اسپیکر ایمیزن اور گوگل سے کہیں زیادہ مہنگا ہے۔