جی پی یو قیمتیں گرتی ہوئی، خریداری کا بہترین وقت

1,856

اگر آپ پچھلے سال اپنے کمپیوٹر کے لیے نیا گرافکس کارڈ تلاش کر رہے تھے تو ہو سکتا ہے کہ آپ کی یہ تلاش لاحاصل رہی ہو، وجہ؟ کرپٹو کرنسی مائننگ، جس کی وجہ سے گرافکس کارڈ کمیاب بھی ہوئے اور بہت مہنگے بھی۔ لیکن اب وڈیو کارڈز کی رسد معمول پر آ گئی ہے اور آپ باآسانی اور مناسب قیمت پر خرید سکتے ہیں۔

گیگابائٹ، ایم ایس آئی اور دیگر معروف کارڈ بنانے والوں نے اپنی ماہوار کارڈز شپمنٹس میں 40 فیصد کمی دیکھی ہے۔ بٹ کوائن اور ایتھیریئم جیسی ڈجیٹل کرنسیوں کے حوالے سے پیدا ہونے والا جوش اب جھاگ کی طرح بیٹھ گیا ہے اور مائننگ تو بالخصوص بہت کم ہو چکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جی پی یوز میں سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچے جا رہے ہیں اور رواں سال کے اختتام تک مائننگ رگز کا تو خاتمہ ہی ہو جائے گا۔ ان عوامل کی بنیاد پر یہ بھی ہو سکتا ہے کہ رسد طلب سے بھی بڑھ جائے اور یوں قیمتوں میں مزید کمی آئے۔

مثال کے طور پر گیگابائٹ کا مشہور زمانہ جی ٹی ایکس 1080 کارڈ دیکھ لیں جو اس وقت ایمیزن پر 700 ڈالرز میں دستیاب ہے۔ یہ 2018ء میں اس کی کم ترین قیمت ہے۔

اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ ہم جی پی یوز کی قلت کے زمانے سے نکل آئے ہیں۔ اگر آپ مزید قیمت گرنے کا انتظار کر رہے ہیں تو کیجیے، لیکن بہتر یہی ہے کہ پھر کوئی نیا مسئلہ نہ کھڑا ہو جائے تب تک یہی بہترین وقت ہے خریدنے کا۔ کیونکہ کرپٹو کرنسی مارکیٹ کا کوئی بھروسہ نہیں۔ مارکیٹ نے دوبارہ عروج کا راستہ دیکھا تو ہو سکتا ہے گرافکس کارڈز ایک مرتبہ پھر ڈھونڈے سے بھی نہ ملیں۔

گرافکس کارڈ